رسائی کے لنکس

حب حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد 17 ہو گئی، بعض زخمیوں کی حالت تشویش ناک


  • بلوچستان کے ضلع حب میں بدھ کی شب زائرین سے بھرا ٹرک کھائی میں جا گرا تھا۔
  • حالیہ برسوں میں بلوچستان میں ٹریفک حادثات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع حب میں زائرین سے بھرا ٹرک کھائی میں گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 17 ہو گئی ہے جب کہ درجنوں افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

بدھ کی شب زائرین سے بھرا ٹرک سندھ کے ضلع ٹھٹھہ سے بلوچستان کے ضلع خضدار کی معروف درگاہ شاہ نورانی جا رہا تھا کہ تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر کھائی میں گر گیا۔

حکام کے مطابق بدھ کی شب رات 10 بجے پیش آنے والے واقعے کے بعد جائے حادثہ پر امدادی سرگرمیاں شروع کر دی گئیں اور زخمی افراد کو کراچی کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف اور وزیرِ اعلٰی بلوچستان سرفراز بگٹی نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق حادثے میں اب تک 17 ہلاکتوں کی تصدیق ہو چکی ہے جب کہ شدید زخمی افراد کو کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث موڑ کاٹتے ہوئے پیش آیا۔

واضح رہے کہ حالیہ برسوں میں بلوچستان میں ٹریفک حادثات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

بعض مبصرین کے مطابق بلوچستان میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات کی بڑی وجہ قومی شاہراہوں کا دو رویہ نہ ہونا بھی ہے جب کہ ناتجربہ کار ڈرائیور بھی حادثات کی وجہ بنتے ہیں۔

گزشتہ برس جنوری میں بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے علاقے بیلہ میں مسافر کوچ کھائی میں گرنے سے 41 مسافر ہلاک ہو گئے تھے۔

فورم

XS
SM
MD
LG