رسائی کے لنکس

چاند کے سفر کے لیے شریک سفر کی تلاش


چاند کے گرد پہلی پرائیویٹ پرواز میں سفر کرنے واالے جاپان کے ارب پتی بزنس مین یوساکو جنہیں ایک ساتھی کی تلاش ہے۔
چاند کے گرد پہلی پرائیویٹ پرواز میں سفر کرنے واالے جاپان کے ارب پتی بزنس مین یوساکو جنہیں ایک ساتھی کی تلاش ہے۔

جاپان کے ارب پتی بزنس مین یوساکو مائزاوا ان دنوں ایک ایسی لڑکی کی تلاش میں ہیں جو چاند کے گرد سفر میں ان کا ساتھ دے سکیں۔

ان کے اس مجوزہ سفر کا سیر و سیاحت سے کوئی تعلق نہیں بلکہ یہ ایک طرح کا کاروباری سفر ہے۔ وہ اپنے اس ایڈونچر پر ایک ڈاکومنٹری پروگرام بنانا چاہتے ہیں جسے بعد میں ٹیلی وژن پر پیش کیا جائے گا۔

یوساکو نے، جن کی عمر 44 سال ہے، آن لائن فیشن پر مبنی اپنی کاروباری کمپنی زوزو فروخت کر دی ہے۔ اب وہ آن لائن ٹیلی وژن سروس ابیما ٹی وی کے لیے ایڈونچر پر مبنی ایک شو تیار کرنا چاہتے ہیں جس کے لیے انہیں 20 سال سے زیادہ عمر کی ایک لڑکی کی تلاش ہے جو چاند کے سفر میں ان کی ساتھی بن سکے۔

انہوں نے اپنی ویب سائٹ پر خواہش مند لڑکیوں کو بتایا ہے کہ اصل بات یہ ہے کہ چاند کے گرد سفر کے دوران انسان کو تنہائی اور خلا میں ہونے کا احساس ہوتا ہے، جس پر قابو پانے کے لیے میں نے سوچا کہ اس دوران کسی لڑکی سے مسلسل محبت کی جائے۔

ان کا کہنا ہے کہ میں اپنی زندگی کے ایک ساتھی کی تلاش میں ہوں۔ جو میرے مستقبل کی شراکت دار ہو۔ میں زمین کے اوپر واقع خلا سے اپنی محبت کا اظہار اور دنیا کے لیے امن کا پیغام بھیجنا چاہتا ہوں۔

خلا میں راکٹ بھیجنے والی ایک پرائیویٹ کمپنی سپیس ایکس سن 2023 میں پہلا پرائیویٹ مسافربردار راکٹ بھیجنے کی تیاری کر رہی ہے، جو چاند کے گرد چکر لگائے گا۔ یوساکو اس پہلے پرائیویٹ مسافر بردار راکٹ میں سفر کرنے والے ہیں۔

انہوں نے اپنی ڈاکومنٹری کا نام “Full moon lovers” رکھا ہے، جسے ابیما ٹیلی وژن پر دکھایا جائے گا۔ اسے کئی اور آن لائن ٹیلی وژن کمپنیوں کا تعاون بھی حاصل ہے۔ یہ پروگرام ان نوجوانوں کو سامنے رکھ کر سوچا گیا ہے جو روایتی ٹیلی وژن کو چھوڑ کر آن لائن شو دیکھتے ہیں۔

اپنی ویب سائٹ پر یوساکو نے لکھا ہے کہ درخواست گزار کے لیے ضروری ہے کہ اسے خلا میں جانے میں دلچسپی ہو اور وہ دنیا میں امن پھیلانے میں دلچسپی رکھتی ہو۔

درخواست دینے کی آخری تاریخ 17 جنوری ہے اور یوساکو خلائی سفر کے اپنے ساتھی اور زندگی کے ہم سفر کا انتخاب مارچ کے آخر میں کریں گے۔

XS
SM
MD
LG