رسائی کے لنکس

لندن اولمپکس: پاکستانی کھلاڑی لیاقت علی مقابلوں سے باہر


پاکستانی کھلاڑی لیاقت علی
پاکستانی کھلاڑی لیاقت علی

اِس سے قبل ہونے والے مقابلوں میں پاکستانی پیراک انم بانڈے، نشانے باز خرم انعام اور پیراک اسرار حسین بھی دوسرے راؤنڈ تک پہنچنے میں ناکام رہے تھے

لندن اولمپکس کے آٹھویں روز ہونے والے مقابلوں میں پاکستان کے چوتھے ایتھلیٹ، لیاقت علی بھی پہلے ہی مرحلے میں مقابلوں سے باہر ہوگئے ہیں۔سو میٹر ریس میں لیاقت علی نے چوتھی پوزیشن حاصل کی، لیکن صفر اعشاریہ ایک سیکنڈ کے فرق سے وہ مقابلوں کے دوسرے راؤنڈ کے لیے کوالی فائی کرنے میں ناکام رہے۔

ہفتے کو ہونے والے 100میٹر ریس کے مقابلوں میں سری نام پہلے، انڈونیشیا دوسرے، جب کہ گبون تیسرے نمبر پر رہے۔

لیاقت علی نے 100میٹر کا فاصلہ دس اعشاریہ نو صفر سیکنڈ میں طے کیا، جب کہ تیسرے نمبر پر آنے والے ایتھلیٹ یہ فاصلہ دس اعشاریہ آٹھ نو سیکنڈ میں کرکے سیکنڈ راؤنڈ تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

لندن اولمپکس میں اس سے قبل ہونے والے مقابلوں میں پاکستانی پیراک انم بانڈے، نشانے باز خرم انعام اور پیراک اسرار حسین بھی دوسرے راؤنڈ تک پہنچنے میں ناکام رہے تھے۔پاکستان کی آخری ایتھلیٹ، رابعہ عاشق آٹھ اگست کو اولمپک کے مقابلوں میں قسمت آزمائی کریں گی۔

لندن اولمپکس کے آٹھویں روز 36طلائی تمغوں کا فیصلہ ہونا ہے۔

اب تک ہونے والے مقابلوں میں امریکہ 22طلائی تمغوں کے ساتھ میڈل ٹیبل پر سرِ فہرست، چین 20طلائی تمغوں کے ساتھ دوسرے، جب کہ برطانیہ کی ٹیم 10طلائی تمغوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

ہفتے کے مقابلوں میں افریقہ کے آسکر پیٹریس نے اولمپک تاریخ کے پہلے مصنوعی ٹانگوں والے ایتھلیٹ ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ آسکر جو کہ بچپن میں ہی ٹانگیں کھو چکے ہیںٕ 400میٹر ریس 43اعشاریہ 50سیکنڈ میں طے کرکے دوسرے نمبر پر رہے۔ وہ اپنی شاندار کارکردگی کے نتیجے میں 400میٹر ریس کے سیمی فائنل کھیلنے کے لیے بھی کوالی فائی کرنے میں کامیاب رہے۔

اولمپک ولیج اسٹریفرڈ میں جمعرات سے ایتھلیٹس کے مقابلوں کے آغاز کے بعد لندن ٹرانسپورٹ کے ذریعے لاکھوں افراد سفر کر رہے ہیں۔ لندن ٹرانسپہورٹ کے مطابق جمعرات کو چار اعشاریہ تین ایک ملین لوگوں نے لندن کی زیرِ زمین ٹرینوں اور بسوں میں سفر کیا، جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔2012ء اولمپکس مقابلے دیکھنے کے لیے آنے والے غیر ملکی شائقین کی لندن آمد نے لندن میں بسنے والے عام لوگوں کی روز مرہ زندگی پر اثرات ڈالے ہیں۔
XS
SM
MD
LG