رسائی کے لنکس

پاکستان نے پہلا ٹی20 جیت لیا


پاکستان نے 90 رنز کا مقررہ ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر 5ء14 اوورز میں باآسانی حاصل کرلیا۔

دبئی میں ہونے والی تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو سات وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔

بدھ کو ہونے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی جس پر آسٹریلیا کی پوری ٹیم 3ء19 اوورزمیں 89 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی تھی۔

جواباً پاکستان نے 90 رنز کا مقررہ ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر 5ء14 اوورز میں باآسانی حاصل کرلیا۔

پاکستان کی جانب سے کامران اکمل نے سب سے زیادہ، 31 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے۔ عمران نذیر نے 22 رنز اسکور کیے۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو پاکستانی بالروں کے سامنے کینگرو بلے بازوں کی ایک نہ چلی اور ان کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر 22 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جب کہ کیمرون وہائٹ نے 15 اور جارج بیلی نے 14 رن بنائے۔

پاکستان کی جانب سے سہیل تنویر نے 3 اور کپتان محمد حفیظ، سعید اجمل اور آج کے میچ سے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کرنے والے لیفٹ آرم اسپنر رضا حسن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ عمر گل نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل متحدہ عرب امارات ہی میں ہونے والی تین ایک روزہ میچوں کی سیریز آسٹریلیا نے دو، ایک سے جیت لی تھی۔
تین ٹی20 میچز کی سیریز کا دوسرا میچ جمعے کو ہوگا۔
XS
SM
MD
LG