پاکستان کی پہلی تھری ڈی اینی میٹیڈ فیچر فلم ’تین بہادر‘ کا ٹریلر ریلیز کردیا گیا ہے، جبکہ فلم اگلے سال کے وسط میں نمائش کے لئے پیش کی جائے گی۔
فلم کا پہلا ٹریلر کراچی کے نیو پلیکس سنیما میں ریلیز ہوا۔ اس موقع پر شوبزنس سے جڑی متعدد شخصیات سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے جانے پہچانے افراد بھی موجود تھے۔ تمام افراد نے’تین بہادر‘ کی پہلی جھلک دیکھی اور فلم کی کامیابی کے لئے توقعات کا اظہار کیا۔
ٹریلر کی رونمائی کے لئے سجائی گئی خوبصورت تقریب میں میزبانی کے فرائض انجام دئیے مشہور اداکار اور ہوسٹ فہد مصطفیٰ نے۔
’تین بہادر‘ پاکستان کے خیالی شہر ’روشن بستی‘ کے رہنے والے تین بہادر بچوں آمنہ، سعدی اور کامل کی کہا ہے، جو اپنی بستی کو دشمنوں سے بچانے کے لئے میدان میں نکلتے ہیں اور جراٴت و بہادری سے بدی کی قوتوں کو للکارتے ہیں۔
تقریب کے دوران، آسکر ایوارڈ یافتہ ڈائریکٹر اور ’تین بہادر‘ کی کریٹو ڈائریکٹر شرمین عبید چنائے کی جانب سے میڈیا کو بریفنگ بھی دی گئی۔ شرمین کا کہنا تھا کہ ’تین بہادر‘ پاکستان کی فلمی تاریخ میں انقلابی ثابت ہوگی اور بچے اس فلم کے بعد پاکستانی سپر ہیروز کو فالو کریں گے۔‘
شرمین نے بتایا کہ ’تین بہادر‘ رائٹرز، اینی میٹرز اور ویژول ایفیکٹ آرٹسٹس کی کئی سالوں کی انتھک محنتوں کا نچوڑ ہے، جو بچوں کے لئے سبق آموز ہونے کے ساتھ ساتھ پوری فیملی کے لئے بھرپور تفریح ثابت ہوگا۔‘
’تین بہادر‘ کو ریلیز کرنے والے ادارے ’وادی اینی میشنز‘ کے ڈائریکٹر سلمان اقبال نے کہا کہ ’ملک کی پہلی اینیمیڈڈ فیچر فلم تین بہادر کو وادی اینیمشنز کے بینر تلے ریلیز کرنے پر انہیں فخر ہے‘۔
اُنھوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ’تین بہادر‘ کے بعد پاکستان میں بچوں کے لئے، بقول اُن کے’مزید متاثرکن اور دلچسپ فلمیں بنانے کے نئے دور کا آغاز ہوگا‘۔
’تین بہادر‘ کا ساوٴنڈ ٹریک نامور موسیقار شیراز اپل نے تخلیق کیا ہے۔ اس کی تشہیر کے لئے موبائل فون ایپس کے ساتھ ساتھ گیمز بھی لانچ ہوں گے۔
فلم کی تشہیری مہم جنوری سے شروع ہوگی اور ریلیز کے لئے مئی 2015ء کا مہینہ طے کیا گیا ہے۔