عدم اعتماد کی تحریک پر بحث کا آغاز آج سے ہو گا
وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد پر بحث کا آغاز آج ہو گا۔
اسپیکر اسد قیصر کی زیرِ صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس شاہ چار بجے شروع ہوگا۔ اجلاس کے ایجنڈے میں عدم اعتماد کی تحریک سرِ فہرست ہے۔
قائدِ حزبِ اختلاف شہباز شریف عدم اعتماد کی تحریک پر بحث کا آغاز کریں گے۔ اس سے قبل قومی اسمبلی میں پارلیمانی پارٹیوں کا اجلاس بھی طلب کر لیا گیا ہے۔
- By علی فرقان
عدم اعتماد کی حمایت کا فیصلہ کسی دباؤ کے تحت نہیں کیا: رہنما ایم کیو ایم
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے مرکزی ڈپٹی کنوینئر عامر خان کہتے ہیں کہ وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی حمایت کا فیصلہ کسی دباؤ کے تحت نہیں لیا۔موجودہ سیاسی صورتِ حال میں اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ رابطے میں ضرور رہے مگر حکومت سے علیحدگی کا فیصلہ متحدہ قیادت نے آزادانہ طور پر کیا ہے۔
اسلام آباد میں وائس آف امریکہ کے نمائندے علی فرقان کو دیے گئے انٹرویو میں عامر خان نے کہا کہ اگر اسٹیبلشمنٹ سیاست میں مداخلت کرے تو ہم اس پر اعتراض کرتے ہیں اور اگر مداخلت نہ کرے تب بھی معترض رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں مقتدرہ غیر جانبدار ہے اور ہمیں اس پر اطمینان کا اظہار کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ متحدہ کا پیپلز پارٹی کے ساتھ معاہدہ مفاد یا سہولت کی شادی نہیں بلکہ ملک کی تمام سیاسی قیادت نے تسلیم کیا ہے کہ کراچی کے ساتھ زیادتی ہوتی رہی ہے جس کا ازالہ کیا جانا چاہیے۔
عامر خان نے کہا کہ ان کی جماعت نے حزب اختلاف کی جماعتوں کے ساتھ معاہدے میں وزارتیں یا عہدے نہیں مانگے ہیں بلکہ شہر کے مسائل کے حل اور نوجوانوں کے روزگار کی بات کی ہے۔
ان کے بقول اگر مسائل حل نہیں ہوتے تو سیاست میں علیحدگی اور احتجاج کا راستہ موجود ہے۔
ریٹائرڈ فوجی افسران کو دفاعی ادارے میں سیاسی تقسیم کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے: احسن اقبال
مسلم لگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے دعویٰ کیا ہے کہ حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف نے مکروہ کھیل شروع کر دیا ہے۔ ان کے بقول ریٹائرڈ فوجی افسران کو استعمال کیا جا رہا ہے کہ وہ قومی دفاعی ادارے میں سیاسی تقسیم پیدا کریں۔
ایک ٹوئٹ میں احسن اقبال نے کہا کہ "میری ریٹائرڈ افسران سے درخواست ہے کہ اگر انہیں سیاست کا شوق ہے تو اپنے میجر جنرل، بریگیڈیئر، میجر کے رینک ہٹا کر ٹوئٹ کریں اپنے ادارے سے نہ کھیلیں۔
اپوزیشن جو بھی چالیں چل لے، شکست ان کا مقدر ہے: سینیٹر فیصل جاوید
پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو پتا نہیں کہ ان کے سامنے ایک روایتی سیاست دان نہیں بلکہ ایک لیڈر عمران خان ہے۔
ایک ٹوئٹ میں فیصل جاوید نے کہا کہ ایک روایتی سیاست دان صرف آنے والے الیکشنز کا سوچتا ہے مگر ایک لیڈر آنے والی نسلوں کے لیے کام کرتا ہے۔ ان کے بقول اپوزیشن والے جو بھی چالیں چل لیں۔ شکست ان کا مقدر ہے۔