رسائی کے لنکس

Shehbaz Sharif
Shehbaz Sharif

کسی کو ڈکٹیشن دینے کی ضرورت نہیں، الیکشن کب ہوں گے یہ فیصلہ پارلیمنٹ کو کرنا ہے: شہباز شریف

15:16 2.4.2022

جہانگیر ترین گروپ کا پنجاب اسمبلی میں حمزہ شہباز کی حمایت کا اعلان

فائل فوٹو
فائل فوٹو


پاکستان تحریک انصاف منحرف اراکین پر مشتمل جہانگیر ترین گروپ نے پنجاب اسمبلی میں قائد ایوان کے لیے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز کی حمایت کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔

لاہور میں حمزہ شہباز کے ہمراہ پریس کانفرنس میں جہانگیر ترین گروپ کے رہنما نعمان لنگڑیال نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ حمزہ شہباز اس صوبے کی خدمت کریں گے اور صوبے سے کرپشن کو ختم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین گروپ کے اراکین گزشتہ ڈیڑھ برس سے حکومت میں رہ کر اپوزیشن کا کردار ادا کر رہے تھے۔ جہانگیرترین کے پی ٹی آئی پر بے شمار احسانات ہیں۔ ان کی وفاداری پر نہ صرف حملہ کیا گیا بلکہ ان کے بقول ایک ''جھوٹا مقدمہ'' کیا گیا۔

15:30 2.4.2022

پنجاب اسمبلی کا اجلاس اتوار کی صبح ساڑھے گیارہ بجے تک ملتوی

پنجاب اسمبلی کا اجلاس اتوار کی صبح ساڑھے گیارہ بجے تک ملتوی کردیا گیا ہے جہاں قائد ایوان کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ہوگی۔

ہفتے کو اسمبلی کا اجلاس چار گھنٹے کی تاخیر کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کی صدارت میں ہوا۔ جہاں مرحوم رکن اسمبلی رانا اعجاز کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

بعد ازاں چوہدری پرویز الٰہی نے اسمبلی کی مزید کارروائی سیکریٹری اسمبلی محمد خان بھٹی کے سپرد کردی۔ اسپیکر نے کہا کہ نئے قائد ایوان کے لیے شام چھ بجے تک کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے جاسکتے ہیں۔

پنجاب اسمبلی میں قائد ایوان کے لیے حکومتی اتحاد کے امیدوار چوہدری پرویز الٰہی ہیں جب کہ اپوزیشن جماعتوں نے حمزہ شہباز کو نامزد کیا ہے۔

17:01 2.4.2022

حکومت کے خلاف مبینہ سازش کی تحقیقات تک عدم اعتماد کی کارروائی روکنے کی درخواست مسترد

سپریم کورٹ آف پاکستان نے حکومت کے خلاف مبینہ سازش کی تحقیقات تک عدم اعتماد کی کارروائی روکنے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔

درخواست گزار نعیم الحسن ایڈووکیٹ نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ موجودہ حکومت کے خلاف عالمی سازش کے تحت عدم اعتماد کی تحریک لائی گئی ہے۔ جس کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنایا جا رہا ہے، لہذٰا عدالت کمیشن کی تحقیقات تک عدم اعتماد کی کارروائی روک دے۔

البتہ رجسٹرار سپریم کورٹ نے درخواست پر اعتراض عائد کر دیا۔ رجسٹرار کے مطابق درخواست گزار نے عوامی مفاد کی نشان دہی نہیں کی۔

عدالت نے یہ بھی قرار دیا کہ درخواست آرٹیکل 184 کی شق تین کے طے کردہ اصولوں پر پوری نہیں اترتی۔

عدالت کے مطابق درخواست گزار نے متعلقہ فورم پر رابطہ کرنے کے بجائے براہ راست سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔

17:44 2.4.2022

وزیرِ اعظم نے نوجوانوں کو ملک بھر میں احتجاج کی کال دے دی

پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تحریکِ عدم اعتماد کے ذریعے اُن کے خلاف سازش ہو رہی ہے، لہذٰا نوجوان اس سازش کو ناکام بنانے کے لیے اُٹھ کھڑے ہوئے اور پرامن احتجاج کریں۔

ہفتے کو ٹی وی پر نشر ہونے والے براہِ راست پروگرام 'آپ کا وزیرِ اعظم آپ کے ساتھ' میں عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ ثابت ہو گیا ہے کہ اُن کی حکومت کو ہٹانے کے لیے سازش کی جا رہی ہے۔ پارلیمان کی نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کو بھی اس معاملے کا علم ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ کہا جا رہا ہے کہ اگر عمران خان کو ہٹائیں گے تو امریکہ کے ساتھ ہمارے تعلقات اچھے ہوں گے۔ لہذٰا وہ چاہتے ہیں کہ نوجوان اس بیرونی سازش کے خلاف اُٹھ کھڑے ہوں۔

وزیرِ اعظم بولے کہ کیا ایسا ہو سکتا ہے کہ ایٹمی طاقت کے حامل ملک کی قیادت کو محض 15 یا 16 ارب روپے کے عوض تبدیل کیا جا سکے۔ اگر یہی سلسلہ چلتا رہا تو ملک کا کوئی مستقبل نہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ نوجوان پرامن احتجاج کریں کیوں کہ اب قوم کو فیصلہ کرنا ہے کہ ملک کو کس جانب لے کر جانا ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG