رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

02:48 19.3.2020

ٹریول انڈسٹری اور ہوٹل بھی کرونا وائرس کا شکار

سڑکیں سنسان۔ ہوائی جہاز خالی۔ ریل اور بسیں اپنے مسافروں کے بغیر اداس تو ہوٹل آباد کیسے ہوں؟ کرونا وائرس شدت کے ساتھ روز مرہ زندگی کے معمولات پر حاوی ہو چکا۔ آئیے آپ کو بتاتے ہیں کہ دنیا کے مختلف ملکوں میں اس صورتحال میں ہوٹلوں کا استعمال کیسے کیا جا رہا ہے۔

اسرائیل نے منگل کے روز اعلان کیا ہے کہ وہ ہوٹلوں کے خالی کمروں کو کرونا وائرس کے مریضوں کی صحت یابی اور معمول کی طرف واپس لوٹنے کے لئے 'ریکوری رومز' کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ اسرائیل کی وزیر دفاع نفتالی بینٹ نے بتایا ہے کہ ہم پہلا اسرائیلی ریکوری ہوٹل کھول رہے ہیں؛ اور جس شخص کی شناخت کرونا مریض کے طور پر ہوتی ہے اسے یہاں لایا جائیگا۔

جیسا کہ اب تو آپ سبھی یہ جانتے ہیں کہ بیشتر لوگوں میں اس وائرس کی علامات معمولی ہوتی ہیں، جیسے بخار اور کھانسی۔ لیکن، کرونا وائرس معمر افراد اور صحت کے دوسرے مسائل رکھنے والے لوگوں کے لئے مہلک ثابت ہو سکتا ہے۔

ماہرین کی پیشگوئی یہ ہے کہ آنے والے کچھ ہفتے ابھی دشوار رہیں گے۔

سپین میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں انتہائی اضافہ دیکھا گیا ہے۔ وہاں بھی ہوٹلوں میں مسافروں کی تعداد بے حد کم ہوگئی ہے۔ اس لئے اب سپین میں بھی حکام اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ خالی ہوٹلوں کو کرونا وائرس کے مریضوں کے لئے، صحت یابی کے مراکز میں تبدیل کر دیا جائے۔

ان حالات میں ٹریول انڈسٹری کو بے حد نقصان پہنچ رہا ہے۔ چین اور اٹلی میں ہدایت کی جا رہی ہے کہ لوگ قطعی طور پر سفر سے گریز کریں۔ امریکہ میں بھی صحت کے شعبے سے تعلق رکھنے والے حکام سفر کرنے سے منع کر رہے ہیں۔ اس صورتحال میں لوگ اپنے سفر کے پروگراموں کو موخر یا منسوخ کر رہے ہیں۔ بعض ماہرین کو اندیشہ ہے کہ کرونا وائرس کے اثرات نے کساد بازاری کے امکانات بڑھا دئے ہیں۔

09:38 19.3.2020

کرونا وائرس: دیسی ٹوٹکے، دعائیں اور مدافعتی نظام

(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

دنیا بھر میں لوگوں کی نظریں ان تجربہ گاہوں پر ہیں جہاں طبی ماہرین کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ویکسین اور ادویات کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ گزشتہ روز امریکہ میں انسانوں پر نئی بنائی گئی ویکسین کا تجربہ ہوا، لیکن مبصرین کے مطابق نتائج آنے میں وقت لگے گا۔

دوسری طرف، سوشل میڈیا پر پاکستان میں ایسے افراد کی کمی نہیں ہے جو نت نئے ٹوٹکوں کے ساتھ سامنے آ رہے ہیں۔ کسی کے خیال میں لیموں پانی میں کرونا کے خلاف اچھی مدافعت ہے۔

بعض کے خیال میں کینوں یا دیگر سٹرس فروٹس اچھے رہیں گے۔ کچھ لوگ کہہ رہے ہیں کہ شہد ملا پانی پیا جائے تو کرونا کچھ نہیں کہے گا۔ کسی کا فرمانا ہے کہ پانی کے اندر ہلدی اور دار چینی ملا کر پی جائے اور کوئی جوشاندے کو روزانہ کا معمول بنانے کی تلقین کر رہا ہے۔

اس سارے پس منظر میں ہم نے شعبہ طب سے وابستہ ایسے احباب سے بات کی ہے جو سوشل میڈیا بذات خود بھی استعمال کر رہے ہیں۔ ہم نے پوچھا کہ آخر ان ٹوٹکوں سے کچھ فائدہ ہو سکتا ہے؟

ڈاکٹر سہیل چیمہ نیویارک میں مقیم پریکٹیشنر ہیں۔ فیس بک اور مقامی ٹیلی ویژن چینلز پر کرونا کے موضوع پر تفصیل سے معلومات فراہم کرتے ہیں۔

ڈاکٹر سہیل کہتے ہیں کہ برصغیر پاک و ہند میں دیسی ٹوٹکے زندگی کا حصہ رہے ہیں اگر کسی کو ان چیزوں پر بھروسا ہے تو ضرور استعمال کریں۔ لیکن، بیماری کے لیے مخصوص ادویات موجود ہوں تو وہی استعمال کی جائیں۔ صرف دیسی ٹوٹکوں پر بیٹھ جانا معمولی سی بیماری کو گھمبیر مسئلہ بنا سکتا ہے۔ اور اسے بڑی بیماری میں تبدیل کر سکتا ہے۔

09:51 19.3.2020

پنجاب میں تفریحی مقامات بند، نیا ہدایت نامہ جاری

حکومتِ پنجاب نے اعلان کیا ہے کہ مری سمیت دیگر سیاحتی مقامات پر عوام کا داخلہ ممنوع ہو گا۔ پبلک پارکس بھی شہریوں کے لیے تاحکم ثانی بند رہیں گے۔
حکومتِ پنجاب نے اعلان کیا ہے کہ مری سمیت دیگر سیاحتی مقامات پر عوام کا داخلہ ممنوع ہو گا۔ پبلک پارکس بھی شہریوں کے لیے تاحکم ثانی بند رہیں گے۔


پاکستان کے صوبہ پنجاب کی حکومت نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کیا ہے جن میں سیاحتی مقامات کو فوری بند کرتے ہوئے سرکاری دفاتر میں صرف ضروری ملازمین کی حاضری یقینی بنانا نمایاں ہیں۔

لاہور سے وائرس آف امریکہ کے نمائندے ضیا الرحمٰن کے مطابق حکومتِ پنجاب نے اعلان کیا ہے کہ مری سمیت دیگر سیاحتی مقامات پر عوام کا داخلہ ممنوع ہو گا۔ پبلک پارکس بھی شہریوں کے لیے تاحکم ثانی بند رہیں گے۔

اسی طرح فارميسی اور گروسری کے علاوہ ديگر تمام دکانيں، شاپنگ مالز اور ريستوران کو رات دس بجے ہر صورت بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پنجاب حکومت کی جانب سے جاری ہدایت نامے کے مطابق سرکاري دفاتر ميں عوام کا داخلہ بند ہو گا اور صرف ضروری ملازمین کو ہی دفاتر میں بلایا جائے گا جب کہ دیگر عملہ اسکائپ یا فون کال پر دستياب ہو گا۔

صوبائی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ سرکاری اجلاسوں میں چند ضروری افراد کو ہی بلايا جائے اور اگر ضروری ہو تو دیگر افراد کو بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک کیا جائے۔

10:33 19.3.2020

چین میں پہلی مرتبہ کرونا وائرس کا یومیہ کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا

چین میں کرونا وائرس سے تین ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ (فائل فوٹو)
چین میں کرونا وائرس سے تین ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ (فائل فوٹو)

چین میں جمعرات کو پہلی مرتبہ کرونا وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ گزشتہ برس دسمبر میں کرونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد سے یہ پہلا موقع ہے کہ ایک روز کے دوران کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا ہے۔

چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق ووہان سے گزشتہ سال اس وائرس کی وبا عام ہوئی تھی وہاں بھی کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا۔ چین میں جنوری سے روزانہ کی بنیاد پر سیکڑوں نئے کیسز سامنے آ رہے تھے جس میں بتدریج کمی واقع ہو رہی تھی۔

وسطی چین کے شہر ووہان کی ایک کروڑ سے زائد آبادی اور صوبہ ہوبے کے دیگر شہروں میں رہنے والے چار کروڑ افراد 23 جنوری سے سخت حالات کا سامنا کر رہے تھے۔ جہاں پورا صوبہ مکمل طور پر لاک ڈاؤن تھا۔

چینی حکومت نے اب بھی ملک بھر میں عوامی اجتماعت کو محدود سے محدود تر کرنے کے لیے سخت اقدامات کیے ہوئے ہیں۔

نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق ملک بھر میں 81 ہزار افراد کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جن میں سے 7245 افراد تاحال زیرِ علاج ہیں۔

کرونا وائرس سے عالمی سطح پر متاثرین کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ 8263 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG