پاکستان کا دبئی کے لیے فضائی آپریشن بند کرنے کا اعلان
پاکستان کی سرکاری ایئر لائن پی آئی اے نے دبئی کے لیے فضائی آپریشن بند کر دیا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان سے دبئی کے لیے پروازیں تاحکم ثانی بند رہیں گی۔
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق دبئی سے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے خالی طیارے دبئی جائیں گے۔ دبئی میں مقیم پاکستانی سیاحوں اور ملازمت ویزہ پر جانے والوں کو واپس لایا جائے گا۔
بھارت میں کرونا وائرس پر فلم بنانے کی دوڑ شروع
کرونا وائرس نے جہاں دنیا بھر میں ہلچل مچائی ہوئی ہے وہیں بھارتی فلم انڈسٹری میں اس موضوع پر فلمیں بنانے کی دوڑ شروع ہو گئی ہے۔
بھارت کی کئی پروڈکشن کمپنیز نے پھرتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کرونا وائرس سے متعلق نئی فلموں کے ٹائٹلز بھی اپنے نام رجسٹرڈ کرا لیے ہیں۔
'ایروز انٹرنیشنل' بھارت کی بڑی پروڈکشن کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے جس کے کریڈیٹ پر متعدد کامیاب اور ہٹ فلمیں موجود ہیں۔ کرونا وائرس پر فلم بنانے کے لیے اس کمپنی نے پہل کرتے ہوئے سال 2000 میں ریلیز ہونے والی رہتک روشن کی فلم 'کہو نا پیار ہے' میں معمولی سی تبدیلی کرتے ہوئے 'کرونا پیار ہے' کا ٹائٹل اپنے نام رجسٹرڈ کرالیا ہے۔
بھارتی اخبار 'ٹائمز آف انڈیا' کے ساتھ ساتھ متعدد مقامی میڈیا رپورٹس میں 'انڈین فلم اینڈ ٹیلی ویژن پروڈیوسرز کونسل' کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ 'کرونا پیار ہے' کا ٹائٹل پچھلے ہفتے ایروز انٹرنیشنل نے رجسٹرڈ کرایا ہے۔
اسی طرح 'انڈین موشن پکچر پروڈیوسرز ایسوسی ایشن' نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پروڈیوسرز کے درمیان کرونا پر مبنی فلموں کے عنوان رجسٹر کرانے کی دوڑ لگی ہوئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق 'ڈیڈلی کرونا' کے نام سے بھی ایک ٹائٹل رجسٹر ہوا ہے تاہم فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ یہ ٹائٹل کس کمپنی نے رجسٹر کرایا ہے۔
پاکستان میں کرونا وائرس کے 307 کیسز: حکومت کیا اقدامات کر رہی ہے؟
پاکستان میں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 307 ہو گئی ہے جس کے بعد حکومت کی جانب سے حفاظتی اقدامات میں تیزی آ گئی ہے۔
حکومت نے فوری طور پر میڈیکل آلات بڑے پیمانے پر درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھا
وزارتِ صحت نے پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد سے متعلق نئی رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 307 تک پہنچ گئی ہے۔ ان میں سے پانچ مریض صحت یاب اور دو ہلاک ہو گئے ہیں۔
وزارت صحت کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں 61 نئے مریضوں کا اضافہ ہوا ہے۔ سندھ میں مریضوں کی تعداد 211، پنجاب میں 33، بلوچستان میں 23 اور خیبر پختونخوا میں 17 مریض زیرِ علاج ہیں۔
اٹلی میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد تین ہزار کے قریب پہنچ گئی، یورپ میں لاک ڈاؤن
اٹلی میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے جب کہ ہلاکتوں میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ جمعرات کو ملک بھر میں ہلاکتوں کی تعداد تین ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔
امریکہ کی جان ہوپکنز یونیورسٹی دنیا بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں اور ہلاکتوں سے متعلق اعداد و شمار جمع کر رہی ہے۔ یونیورسٹی کے جاری اعداد کے مطابق اٹلی میں جمعرات کو مزید 475 ہلاکتیں ہوئی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 2978 ہو گئی ہے۔
اٹلی میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بھی مزید اضافے کے بعد 35 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔
دنیا بھر میں کرونا وائرس کی وبا کو محدود کرنے کے لیے ملکوں اور شہروں کو لاک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔ یورپی ملکوں میں بھی لاک ڈاؤن کی فضا قائم ہے۔ اسی سلسلے میں برطانیہ نے بھی جمعرات کو تمام اسکول بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔