کولمبو میں سیریز کے پانچویں اور آخری ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو جیت کے لیے 248 رنز کا ہدف دیا ہے۔
پیر کو ہونے والے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
پاکستانی ٹیم کی جانب سے نمایاں اسکور کرنے والوں میں عمران فرحت سر فہرست رہے، جنھوں نے نو چوکوں کی مدد سے 56 رنز بنائے۔ اُنھیں پریرا کی گیند پر چندیمل نے کیچ آؤٹ کیا۔
اس میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی تھیں، جن میں یونس خان اور سعید اجمل کی جگہ عمران فرحت اور محمد سمیع کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔
سیریز میں میزبان ٹیم کو دو، ایک سے برتری حاصل ہے۔ اس نے پہلا اور چوتھا میچ جیتا تھا جب کہ پاکستان کو دوسرے میچ میں فتح حاصل ہوئی تھی۔
تیسرا ایک روزہ میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔
چوتھے ایک روزہ میچ میں پاکستان کے بلے باز سری لنکن باؤلروں کے سامنے بے بس نظر آئے اور چھ بیٹسمین بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
یہ میچ سری لنکا نے 44 رنز سے جیتا تھا۔
اس سے قبل ہونے والی دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر رہی تھی۔ ایک روزہ میچوں کے بعد دونوں ٹیموں کے مابین تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔