رسائی کے لنکس

پاکستان کو معاہدے کے مطابق ہیلی کاپٹر فراہم کیے جائیں گے: روسی سفیر


پاکستان میں روس کے سفیر الیکسی ڈیڈو
پاکستان میں روس کے سفیر الیکسی ڈیڈو

روس کے سفیر کا کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹروں کی فراہمی کے وقت سے متعلق بعض تکنیکی معاملات طے کیے جا رہے ہیں جس میں اُن کے بقول کچھ وقت لگے گا۔

پاکستان میں روس کے سفیر الیکسی ڈیڈو نے کہا ہے کہ اُن کا ملک معاہدے کے مطابق پاکستان کو ایم آئی 35 ہیلی کاپٹر فراہم کرے گا۔

روسی سفیر نے جمعرات کو اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ معاہدے کے مطابق ہیلی کاپٹروں کی فراہمی کے بارے میں کام جاری ہے۔

روس کے سفیر کا کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹروں کی فراہمی کے وقت سے متعلق بعض تکنیکی معاملات طے کیے جا رہے ہیں جس میں اُن کے بقول کچھ وقت لگے گا۔

تاہم اُن کا کہنا تھا کہ اس بارے میں شکوک و شبہات نہیں ہونے چاہیئے اور روسی سفیر کے بقول اس معاہدے پر عمل درآمد کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال پاکستان اور روس کے درمیان چار ایم آئی 35 ہیلی کاپٹروں کی فراہمی پر دستخط کیے گئے تھے۔

حالیہ برسوں میں پاکستان اور روس کے تعلقات میں بہتری آئی ہے جن میں دفاع کے علاوہ توانائی کے شعبے قابل ذکر ہیں۔

روس کے اعلیٰ سطحی وفد بشمول وزیر دفاع کے دورہ پاکستان کے علاوہ گزشتہ برس پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے بھی روس کا دورہ کیا، جس میں دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون کو وسعت دینے، عسکری سطح کے تبادلوں اور مشترکہ مشقوں سے استفادہ کرنے سے متعلق معاملات پر غور کیا گیا۔

واضح رہے کہ روس نے گزشتہ برس ہی اسلحہ اور فوجی ساز و سامان کی فروخت سے متعلق پاکستان پر عائد پابندی اٹھا لی تھی جس کے بعد روسی ساخت کے ہیلی کاپٹروں کی خریداری کے لیے اسلام آباد اور ماسکو کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت روس پاکستان کو چار ایم آئی 35 لڑاکا ہیلی کاپٹر فروخت کرے گا۔

پاکستانی حکام اور عسکری اُمور کے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ روس سے ہیلی کاپٹر ملنے سے قبائلی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف جاری کارروائیوں میں پاکستان کو مدد ملے گی۔

XS
SM
MD
LG