رسائی کے لنکس

پاکستان میں کیمیائی مواد کی جانچ اور نگرانی کے لیے امریکی معاونت


امریکہ نے پاکستان کو کیمیائی مواد کی جانچ اور اس کی تصدیق کے لیے اہم آلات اور معاونت فراہم کی ہے۔

امریکہ نے پاکستان کو کیمیائی مواد کی جانچ اور اس کی تصدیق کے لیے اہم آلات اور معاونت فراہم کی ہے۔

اسلام آباد میں تعینات امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے محصولات اکٹھے کرنے والے پاکستانی ادارے (فیڈرل بورڈ آف ریونیو) کے چیئرمین طارق باجوہ کے ساتھ پاکستان کسٹمز سروس کے اینڈ یوزر ویری فکیشن (ای یو وی) منصوبے کا افتتاح کیا۔

اس منصوبے سے قانونی اور غیر قانونی دونوں طرح استعمال ہونے والے کیمیکلز یا کیمیائی مواد کی جانچ اور نگرانی کرنے میں کسٹم کے محکمے کو مدد ملے گی۔

اس منصوبے کا اجرا ء پاکستان کے محکمہ کسٹم اور امریکہ کے ہوم لینڈ سکیورٹی انویسٹی گیشنز آفس (ایچ ایس آئی) کے مابین شراکت کی بھی عکاسی کرتا ہے۔

امریکی سفارت خانے سے جاری ایک بیان کے مطابق سفیر رچرڈ اولسن نے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ شراکت داری خطرناک کیمیائی مواد کی غیر قانونی نقل و حرکت کے انسداد کے ذریعے پاکستان، امریکہ اور دنیا کے دیگر ملکوں کے شہریوں کو محفوظ بنانے کے مشترکہ نصب العین اور باہمی احترام کے جذبے پر مبنی ہے۔

ای یو وی منصوبے سے پاکستان کسٹمز کو قانونی مقاصد کے لیے درآمد کیے جانے والے دہرے استعمال کے کیمیائی مواد کی محفوظ طریقے سے درآمد اور مقامی طور پر بنائے جانے والے دھماکہ خیز مواد کی تیاری میں استعمال کے مقصد کے لیے آنے والے کیمیائی مواد کی روک تھام اور تحقیقات میں بھی مدد ملے گی۔

ای یو وی منصوبہ 80 پاکستانی ٹیموں پر مشتمل ہے جو ملک بھر میں تصدیق کا عمل پورا کریں گی۔

اس منصوبے کو موثر بنانے کے لیے، امریکہ نے پاکستان کسٹمز کو 80 ٹویوٹا ہائی لکس ٹرک، 160 باڈی آرمر سوٹس، کیمیکلز کا تجزیہ کرنے والی دس ہزار سے زائد کٹس، کیمیکلز کا تجزیہ کرنے والےپانچ برقی دستی یونٹس، کیمرے، دور بینیں اور دستانے فراہم کیے ہیں۔

ورلڈ کسٹمز آرگنائزیشن نے اس ای یو وی منصوبے کو ایک ماڈل منصوبہ قرار دیا ہے جسے دنیا بھر میں کسٹمز کے اداروں میں اختیار کیا جائے گا۔

سفارتخانے کے بیان کے مطابق یہ اس اشتراک سے خطرناک کیمیکلز کی غیر قانونی نقل و حرکت کے سدباب کے ذریعے پاکستان اور دیگر ملکوں کے شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے کوشش کی جا رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG