رسائی کے لنکس

خواتین کے لیے روزگار کے یکساں مواقع ضروری: سفیر اولسن


امریکی اولسن نے کہا کہ خوشحالی اور ترقی کے لیے ضروری ہے کہ خواتین کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں اور قابلیت کو بہتر طور پر استعمال کر سکیں۔

پاکستان میں امریکہ کے سفیر رچرڈ اولسن نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر صنفی امتیاز کو ختم کر کے خواتین کو روزگار کے یکساں مواقع فراہم کرنے سے خوشحالی کے حصول کا مقصد حاصل کیا جا سکتا ہے۔

اسلام آباد میں منگل کو امریکی سفارت خانے کی طرف سے خواتین کی اقتصادی ترقی میں غیر سرکار ی شعبے کی اہمیت اور اس میں خواتین کے کردار کے بارے میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان کے غیر سرکاری اداروں میں کام کرنے والی خواتین نے بھی شرکت کی۔

اس تقریب کے موقع پر امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کہا کہ عالمی سطح پر خوشحالی کو اسی صورت میں حاصل کیا جا سکتا ہے جب روزگار کے لیے خواتین دوست ماحول کی مدد سے ان کے لیے ترقی اور خوشحالی کے بہتر مواقع پیدا کیے جائیں۔

سفیر اولسن نے کہا کہ خوشحالی اور ترقی کے لیے ضروری ہے کہ خواتین کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں اور قابلیت کو بہتر طور پر استعمال کر سکیں۔

انھوں نے کہا کہ اگر دنیا کے ہر خطے اور ہر ملک میں اس طرح کا ماحول ہو گا تو اس سے مشترکہ خوشحالی اور ترقی کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

امریکی وزارت خارجہ میں عالمی سطح پر خواتین کے مسائل سے متعلق دفتر کی سینیئر مشیر صبا غوری نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو کاروباری اداروں اور کام کی جگہو ں پر دوستانہ ماحول مہیا کیا جائے۔

’’ابھی تک تو جو اعداد و شمار ہیں ان میں بتایا گیا ہے کہ اگر کاروباری ادارے خواتین کے لیے دوستانہ ماحول مہیا کریں گے تو اس سے ان کی ترقی کو فروغ حاصل ہو گا۔‘‘

صبا غوری نے بتایا کہ پاکستان میں امریکی معاونت سے خواتین کو کاروبار شروع کرنے کے لیے معلومات اور تربیت کے لیے اسلام آباد میں ایک سینڑ بھی بنایا جا رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس مرکز میں غیر سرکاری پاکستانی اداروں کی ساتھ مل کر خواتین کو کاروباری امور کی بار ے میں تربیت اور معلومات دی جائیں گی۔

’’وہ خواتین جو اپنا کاروبار شروع کرنے کی خواہش رکھتی ہیں ان کو تربیت دی جائے گی کہ کاروباری منصوبہ کیسے بنا یا جاتا ہے بات کیسے کر سکتے ہیں اور کاروبار کے لیے قرضہ کیسے حاصل کیا جا سکتا ہے اور ٹیکس کا نمبر کیسے حاصل کیا جا سکتا ہے۔‘‘

پاکستان میں امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی 'یو ایس ایڈ' کے تعاون سے پاکستان تعلیم اور خواتین کی ترقی کے کئی منصوبوں میں معاونت کر رہا ہے۔
XS
SM
MD
LG