روس میں اسرائیلی چینل کی ویب سائٹ بلاک
روس کے حکام نے اسرائیل کے نشریاتی ادارے ’چینل نائن‘ کی ویب سائٹ بلاک کر دی ہے۔
وائس آف امریکہ کی نتاشا موزگوویا نے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیل کا ’چینل نائن‘ روسی زبان میں نشریات پیش کرتا تھا۔
کیف میں میزائل کا ٹکڑا رہائشی عمارت سے ٹکرا گیا، ایک شخص ہلاک
یوکرین میں روس کی جارحیت کے دوران میزائل کا ایک ٹکڑا کیف میں رہائشی عمارت سے ٹکرا گیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ کے مطابق اس واقعے میں ایک شخص ہلاک اور تین زخمی ہوئے ہیں۔
اسپین: روسی کے سرمایہ دار کا بحری جہاز قبضے میں لے لیا گیا
امریکہ کے اخبار ’واشنگٹن پوسٹ‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق اسپین کے حکام نے روس کی حکومت کے قریب سمجھے جانے والے دولت مند افراد اور اداروں کے خلاف عالمی کریک ڈاؤن کے طور پر ایک اور امیر شخص کا بحری جہاز تحویل میں لے لیا ہے۔ واضح رہے کہ ان امرا کو اولیگارکس کہا جاتا ہے۔
اس جہاز کی مالیت لگ بھگ 60 کروڑ ڈالرز ہے۔ نامعلوم ارب پتی کی ملکیتی بحری جہاز میں ہیلی کاپٹر ہینگر اور سوئمنگ پول بھی ہے۔
روس کی ہر محاذ پر پیش رفت کم ہو گئی ہے: برطانوی وزارتِ دفاع
برطانیہ کی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ یوکرین میں تمام محاذوں پر روس کے بڑے پیمانے پر حملے رک گئے ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ کے مطابق روس کی فوج نے حالیہ ایام میں زمین، سمندر یا ہوا میں کم سے کم پیش رفت کی ہے ۔
رپورٹس کے مطابق روس کو مسلسل بھاری نقصان ہو رہے ہیں۔