سوائن فلو کا مرض، جسے ‘ایچ ون این ون ’بھی کہا جاتا ہے، نے ایک بار پھر بھارت کے کئی صوبوں کو اپنی گرفت میں لے لیا ہے۔
بھارتی حکومت نے اِس مہلک مرض پر قابو پانے کے لیے سخت چوکسی اختیار کر لی ہے۔
سوائن فلو کے سبب گذشتہ ایک ماہ میں 18اموات کی تصدیق کی گئی ہے۔ اِس مرض کا سب سے زیادہ اثر جنوبی بھارت کے صوبہٴ کرالہ میں دیکھا گیا ہے جہاں اِس مرض سے متاثرہ 200افراد مختلف شفا خانوں میں زیرِ علاج ہیں۔
اِسی دوران، آندھرا پردیش کے ویشاکاپٹنم شہر میں ہفتے کے روز سوائن فلو نے ایک شخص کی جان لے لی ہے۔حیدرآباد میں بھی بعض مریضوں میں سوائن فلو کی علامات پائے جانے پر دواخانوں میں چوکسی اختیار کر لی گئی ہے۔
سنگاپور سے واپس آنے والے ایک جوڑے میں سوائن فلو کی علامات پائے جانے کے بعد حیدرآباد اور ویشاکاپٹنم ہوائی اڈے پر اسکریننگ سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ اِسی دوران، مرکزی حکومت نے کرالہ میں صورتِ حال کا جائزہ لینے کے لیے سائنس دانوں کی ایک ٹیم روانہ کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق، تامل ناڈو، کرناٹک اور مہاراشٹر کے بعض علاقوں میں بھی سوائن فلو کے کیسز دریافت ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔