رسائی کے لنکس

جاپانی کمپنی 'توشیبا' نے 35 برس بعد لیپ ٹاپ بنانا بند کر دیے


فائل فوٹو
فائل فوٹو

الیکٹرانک اشیا بنانے والی معروف جاپانی کمپنی 'توشیبا' نے 35 برس بعد لیپ ٹاپ کی پروڈکشن بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

توشیبا کارپوریشن باضابطہ طور پر لیب ٹاپ کے کاروبار سے باہر ہو گئی ہے اور اس نے اپنے بقیہ شیئرز بھی 'شارپ کارپوریشن' کو منتقل کر دیے ہیں۔

توشیبا کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ اُس نے اپنی کمپنی 'ڈائنا بک' کے انیس اعشاریہ نو فی صد شیئرز 'شارپ کارپوریشن' کو فروخت کر دیے ہیں۔

اس سے قبل 2018 میں 'توشیبا کلائنٹ سلوشنز کارپوریشن لمیٹڈ' نے اسی اعشاریہ ایک فی صد شیئرز 'شارپ کارپوریشن' کو منتقل کیے تھے۔

کمپنی کا بیان میں مزید کہنا ہے کہ اس کے باقی شیئرز کی منتقلی کے بعد ڈائنا بک، شارپ کمپنی کے ماتحت کمپنی ہو گی۔

توشیبا کا پہلا لیپ ٹاپ 'ٹی-1100' 1985 میں متعارف کرایا گیا تھا جس کا وزن چار کلو گرام تھا اور قیمت 2000 امریکی ڈالرز تھی۔ اس میں اسٹوریج کے لیے فلاپی ڈسک اور 256 کے بی کی ریم تھی۔

توشیبا نے یہ لیپ ٹاپ سب سے پہلے یورپ کے لیے متعارف کرایا تھا۔ اس کی سالانہ فروخت کا ہدف 10 ہزار یونٹس رکھا گیا تھا۔

فائل فوٹو
فائل فوٹو

توشیبا نے 2011 میں ایک کروڑ 70 لاکھ لیپ ٹاپ فروخت کیے تھے۔ بعد ازاں اس کی فروخت گھٹ کر 19 لاکھ یونٹس سالانہ تک آ گئی تھی۔

توشیبا نے 2016 میں یورپین مارکیٹ کے لیے پروڈکٹس بنانا بند کر دی تھیں اور صرف ہارڈویئر کی تیاری تک محدود ہو گئی تھی۔

سن 2015 میں توشیبا کو 31 کروڑ ڈالرز سے زائد کا مالی خسارہ برداشت کرنا پڑا تھا۔ مالی خسارے کے پیشِ نظر اسی سال کمپنی کے صدر اور نائب صدر مستعفی ہو گئے تھے۔

توشیبا لیپ ٹاپ بنانے والی کمپنیوں میں ایک معروف برینڈ تھا جس نے 35 برس کے دوران متعدد پروڈکٹس متعارف کرائیں۔

توشیبا نے 90 کی دہائی اور 21 ویں صدی کے اوائل میں 'پورٹیگ' اور 'کوسمیو' لیپ ٹاپس متعارف کرائے تھے جو آئی بی ایم، ایپل اور ڈیل کے تیار کردہ لیپ ٹاپس کے مدِ مقابل تھے۔

XS
SM
MD
LG