پاکستان اور سری لنکا نے اطلاعات، فنی تربیت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔
ہفتہ کو اسلام آباد میں مفاہمت کی تین یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور سری لنکا کے صدر مہندا راجا پاکسے بھی موجود تھے۔
سری لنکن صدر جمعہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے تھے۔
اطلاعات اور فنی تربیت کے شعبے میں تعاون کے علاوہ سری لنکا میں پاکستان کی طرف سے 20 کروڑ ڈالرز کی سرمایہ کا معاہدہ بھی کیا گیا۔
اس سے قبل جمعہ کی شب مہمان صدر نے اپنے پاکستانی ہم منصب آصف علی زرداری سے ملاقات کی تھی جس میں پاکستانی صدر نے اس بات پر زور دیا کہ سری لنکا کے ساتھ آزادانہ تجارت کے سمجھوتے کے پورے فوائد حاصل کرنے اور باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی اور تجارتی اشتراک عمل قائم کرنے کے لیے کوششیں تیز کی جانی چاہیئیں تاکہ دو طرفہ تجارت کو 37 کروڑ پچاس لاکھ ڈالر کے موجودہ حجم سے بڑھا کر آئندہ تین سال میں دو ارب ڈالر کے ہدف تک پہنچایا جاسکے۔
صدر راجاپاسکے کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ اپنے جامع اور خصوصی تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور باہمی احترام اور مشترکہ ورثے کی بنیاد پر مختلف شعبوں میں دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔