رسائی کے لنکس

سبز چائے عمر میں اضافہ کرتی ہے


اگر آپ کو سبز چائے پسند ہے اور آپ اسے باقاعدگی سے پیتے ہیں تو ہمارے پاس آپ کے لیے ایک اچھی خبر ہے۔ ایک نئی سائنسی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ سبز چائے پینے والے افراد دوسروں کی نسبت زیادہ عمر پاتے ہیں۔

اس مطالعاتی جائزے میں ایک لاکھ سے زیادہ ان چینی باشندوں کو زیر غور لایا گیا جو ہفتے میں کم از کم تین بار سبز چائے پیتے ہیں۔ تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ گزشتہ سات برس کے عرصے میں یہ افراد، سبز چائے نہ پینے والوں کے مقابلے میں دل کے امراض میں کم مبتلا ہوئے۔

سبز چائے کی طرح کالی چائے پینے والوں کی بھی اوسط عمر قدرے زیادہ ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ 50 سال کی عمر میں چائے پینے والے افراد میں ان لوگوں کے مقابلے میں ایک سال زیادہ جینے کا امکان ہوتا ہے جو چائے نہیں پیتے۔

سبز چائے کے صحت پر اثرات سے متعلق یہ تازہ ترین تحقیق ہے۔

چائے کے صحت پر اثرات کے بارے میں ماہرین کئی برسوں سے مختلف حوالوں سے تحقیق کرتے آ رہے ہیں، جن سے یہ معلوم ہو چکا ہے کہ سبز چائے کولسٹرول کی سطح نیچے لانے، جسم کا وزن گھٹانے اور دل کی بیماریوں اور کینسر کا خطرہ کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔

تازہ تحقیق کے دوران ماہرین نے یہ جاننے کی کوشش کی کہ سبز چائے پینے والوں اور نہ پینے والوں کا لائف اسٹائل کیا ہے، وہ کن عادات کے مالک ہیں اور ان کی صحت کا معیار کیسا ہے۔

امریکہ کی سینٹ لوئیس یونیورسٹی کے شعبہ غذائيات کی ایک ماہر وٹنی لینسن میئر کی قیادت میں چائے پر ہونے والی ایک تحقیق سے پتا چلا تھا کہ چائے پینے والوں کی غذا عموماً چائے نہ پینے والوں کی نسبت زیادہ صحت بخش ہوتی ہے۔

اس تحقیق میں ماہرین نے چائے پینے کے ساتھ ساتھ یہ جائزہ بھی لیا کہ ان کی خوراک کیا ہے۔ کیا وہ ورزش کرتے ہیں، آیا وہ تمباکو پیتے ہیں اور ان کی تعلیم کی سطح کیا ہے۔

لینسن میئر کہتی ہیں کہ اس حوالے سے کچھ طبی مشاہدات بھی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایک ایرانی خاتون کی تحقیق سے یہ پتا چلا تھا کہ آٹھ ہفتوں تک مسلسل روزانہ تین کپ سبز چائے پینے والے افراد کے وزن اور خون کے دباؤ میں بہتری آئی اور ان کے بلڈ شوگر اور کولسٹرول کی سطح بھی بہتر ہوئی۔

وہ کہتی ہیں کہ سبز چائے کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ اس میں کوئی کیلوریز نہیں ہوتیں اور وہ بہت زیادہ اینٹی آکسی ڈینیٹ ہوتی ہے۔ یہ ایک صحت بخش مشروب ہے اور اگر یہ آپ کو پسند ہے تو اسے اپنی خوراک کا حصہ بنا لیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سبز چائے میں کیفین بھی نہیں ہوتی۔ اس لیے وہ افراد بھی بلا خوف و خطر سبز چائے استعمال کر سکتے ہیں جنہیں بے خوابی کی شکایت ہوتی ہے یا جنہیں بعض ادویات کی وجہ سے کیفین کا استعمال منع ہوتا ہے۔

طبی جریدے European Journal of Preventive Cardiology میں 9 جنوری کو شائع ہونے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ اس مطالعاتی جائزے میں ایک لاکھ سے زیادہ ان چینی باشندوں کو شامل کیا گیا تھا جو دل یا کینسر کے امراض میں مبتلا نہیں تھے۔ ان رضاکاروں سے ان کے لائف اسٹائل، عادات اور میڈیکل ہسٹری کے متعلق پوچھا گیا اور ان کا بلڈ پریشر اور کولسٹرول لیول چیک کیا گیا۔

پھر سات سال تک مختلف وقفوں سے انہیں چیک اپ کے لیے بلایا جاتا رہا۔ نتائج کے مطابق، ان میں سے تقریباً 3700 افراد دل کی بیماریوں میں مبتلا ہوئے یا دل کے حملے میں ان کا انتقال ہوا۔ خطرے کی یہ سطح ان لوگوں کے مقابلے میں 20 فی صد کم تھی جو سبز چائے نہیں پیتے تھے۔

اس مطالعے میں شامل افراد نے ہفتے میں کم از کم تین بار سبز چائے استعمال کی۔

XS
SM
MD
LG