برطانیہ کی بیشترجامعات کی طرف سے ذہین طلب علموں کو یونیورسٹی میں داخلے کی طرف راغب کرنے کے لیے پرکشش انعامات کی پیشکش کی جارہی ہےتاکہ یونیورسٹیوں کے درمیان مقابلےکی دوڑمیں تعلیمی کورسسز کی خالی جگہوں کو زیادہ سے زیادہ ذہین طالب علموں سے پرکیا جائے۔
میل آن لائن کی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ برطانیہ کی روایتی اشرافیہ جامعات کے علاوہ برطانیہ کی اکثرجامعات ذہین طلب علموں کو یونیورسٹی میں داخلہ حاصل کرنے کی طرف متوجہ کرنے کے لیے پرکشش انعامات کی پیشکش کر رہی ہیں۔
اخبار کا کہنا ہے کہ اتحادی جماعتوں کی جانب سے کی جانے والی تعلیمی اصلاحات کا مقصد قومی سطح پر پیشہ ور تعلیم یافتہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہے جس کے لیے جامعات میں داخلے کے کوٹے میں نرمی اور یونیورسٹیوں کے لیے 30,000 سیٹوں کا اضافہ کیا گیا ہے۔
تاہم مطالعے سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ اضافی سیٹوں کو پر کرنے کی جستجو نے جامعات کی داخلے کی پالیسی کو کاروباری رجحان میں تبدیل کر دیا ہے۔
مطالعے سے حاصل ہونے والے نتیجے کے مطابق یونیورسٹیوں میں نقد رقم کے وظائف، کمپیوٹر، ٹیبلیٹ اور دیگر مراعات کی پیشکش کو داخلہ کی حکمت عملی کے طور پر اختیار کیا جا رہا ہے جبکہ، تعلیمی کورسز کی سیٹیں ذہین طلباء سے پر کرنے کے لیے اے لیول کے حتمی نتائج سے قبل ہی طالب علموں کو غیر مشروط داخلہ حاصل کرنے کی پیشکش میں بھی ریکارڈ اضافہ دیکھا جارہا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ آئندہ جمعرات کو اے لیول کے نتائج کا اعلان ہونے سے قبل ہی انڈر گریجوٹ کورس میں داخلہ حاصل کرنے والوں کی درخواست قبول کی جا رہی ہیں۔ توقع ظاہر کی گئی ہے کہ رواں برس یونیورسٹی میں داخلہ حاصل کرنے والے طلباء کی تعداد پانچ لاکھ سے تجاوز کرسکتی ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ لندن کی مشہور' ایسٹ لندن یونیورسٹی' رواں برس ذہین طالب علموں کو انڈر گریجوٹ کورسز میں داخلے کی ترغیب دینے کے لیے1,200 کے نقد وظائف کے ساتھ نصابی کتابوں سے بھرے ٹیبلیٹ کمپیوٹرکی بھی پیشکش کر رہی ہے۔
اسی طرح 'نیو مین یونیورسٹی ' برمنگھم تین سالہ انڈر گریجوٹ کورسز کے دوران 10,000 کا تعلیمی وظیفہ ایسے طالب علموں کو آفر کر رہی ہے جن کا اے لیول کا نتیجہ تین بی گریڈ یا پھر تینوں مضامین کے لیے اے بی سی گریڈ پر مشتمل ہے۔
'سرے یونیورسٹی ' ذہین طالب علموں کو چانسلر وظیفہ کی پیشکش کر رہی ہے اور اے لیول کے نتیجے میں ایک اے اسٹار اور دو اے گریڈ حاصل کرنے والے ذہین طالب علموں کو انڈر گریجوایٹ کے پہلے سال میں 3,000 کے نقد انعامات کی پیشکش کر رہی ہے اس کے علاوہ یونیورسٹی کے اسپورٹس کلب کی رکنیت کی پیشکش بھی سر فہرست ہے۔
'سٹی یونیورسٹی' اور' گرین وچ یونیورسٹی ' کی جانب سے بھی ذہین طالب علموں کو متوجہ کرنے کے لیے بھاری تعلیمی وظائف کی پیشکش کی جا رہی ہے۔
شیفیلڈ یونیورسٹی کے شعبہ امتحان کی سربراہ لینسی ہاپکنس نے کہا کہ، اسے ایک بڑی تبدیلی تصور کیا جائے گا ہے بلکہ یونیورسٹیاں خریداروں کا مرکز بن گئی ہیں چند برس پہلے کی نسبت آج طالب علموں کو درخواست میں درج شدہ انتخاب میں سےاپنی پسندیدہ یونیورسٹی میں داخلہ حاصل کرنے کا زیادہ موقع حاصل ہوسکتا ہے۔