بالی وڈ کے سپر اسٹار اور مارشل آرٹس میں بلیک بیلٹ اکشے کمار آج 52ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔
اکشے کمار نے فلمی سفر کا آغاز فلم ‘دیدار’ سے 1992 میں کیا تاہم ان کی پہلی سپر ہٹ فلم 'کھلاڑی' کہلاتی ہے۔ انہوں نے اپنے کریئر میں 100 سے زائد فلموں میں کردار ادا کیے ہیں۔
اکشے کمار کا اصل نام ہری اوم بھاٹیا ہے۔وہ نو ستمبر 1967 کو بھارت کی ریاست پنجاب کے شہر امرتسر میں ایک فوجی گھرانے میں پیدا ہوئے۔ امرتسر سے نئی دہلی کے چاندنی چوک منتقل ہونے کے بعد اکشے کمار ڈان باسکو اسکول اور خالصہ کالج میں زیر تعلیم رہے۔
مارشل آرٹس میں دلچسپی رکھنے والے اکشے کمار بلیک بیلٹ حاصل کرنے کے بعد تھائی لینڈ چلے گئے۔ جہاں انہوں نے ‘موائے تھائی’ کی تعلیم حاصل کی اور بحیثیت شیف کام شروع کر دیا۔
ممبئی واپسی کے بعد اکشے کمار نے مارشل آرٹس کی تربیت دینا شروع کر دی۔
مارشل آرٹس کی تربیت کے دوران ان کے ایک شاگرد فوٹو گرافر نے ان کو شوٹ کیا جہاں سے اکشے کمار کی ماڈلنگ کا آغاز ہوا بعد ازاں انہوں نے اپنا پورٹ فولیو لے کر فلمی اسٹوڈیوز جانا شروع کردیا۔ جہاں انہیں فلم دیدار میں کرشمہ کپور کے ساتھ ہیرو کاسٹ کیا گیا۔
اکشے کمار کی پہلی سُپر ہٹ فلم ‘کھلاڑی’ تھی۔ جس کے بعد اُن کا کامیاب فلمی سفر شروع ہوا۔
کھلاڑی کے بعد اکشے کمار کی پانچ فلمیں باکس آفس پر اچھا بزنس نہ کر سکیں تاہم 1994 میں سیف علی خان کے ساتھ 'کھلاڑی' سیریز کی اگلی فلم ‘میں کھلاڑی تو اناڑی’ سے اکشے کمار نے ایک بار پھر کامیابی کا سفر شروع کیا۔
کھلاڑی سیریز کی اگلی فلم ‘سب سے بڑا کھلاڑی’ میں اکشے کمار ممتا کلکرنی کے ساتھ ہیرو آئے جبکہ 1995 میں ریلیز ہونے والی فلم 'سب سے بڑا کھلاڑی' باکس آفس پر سُپر ہِٹ رہی۔
اکشے کمار 1996 میں فلم ‘کھلاڑیوں کا کھلاڑی’ کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہوئے۔ اُن کی گردن اور کمر شدید متاثر ہوئی۔
بالی وڈ اسٹار کی کھلاڑی سیریز کی پانچویں فلم ‘مسٹر اینڈ مسز کھلاڑی’ 1997 میں سپر ہٹ رہی۔ جس کے بعد 1999 میں ‘انٹرنیشنل کھلاڑی’ اور 2000 میں ‘کھلاڑی 420’ نے باکس آفس پر بہترین بزنس کیا۔
یش چوپڑا کی فلم ‘دل تو پاگل ہے’ میں شاہ رخ خان اور مادھوری ڈکشت کے مدمقابل سنجیدہ کردار کی وجہ سے اکشے کمار بیسٹ سپورٹنگ رول فلم فیئر ایوارڈ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے۔
فلم ‘اجنبی’ میں ولن کا کردار ادا کرنے پر بھی اکشے کمار کو بیسٹ ولن فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔
اکشے کمار نے 2001 میں بالی وڈ ہیرؤئن ٹوینکل کھنہ سے شادی کی۔ 2002 میں ان کا بیٹا آرو اور 2012 میں بیٹی نیتارا پیدا ہوئی۔
کامیڈی فلم ‘ہیرا پھیری’ میں مزاحیہ کردار کامیابی سے نبھانے پر اکشے کمار کو خوب پزیرائی ملی۔ انہوں نے 2002 میں کامیڈی فلم ‘آوارہ پاگل دیوانہ’، 2004 میں ‘مجھ سے شادی کروگی’ اور 2005 میں ‘گرم مصالحہ’ میں بھی کردار نبھائے۔
2011 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘پٹیالہ ہاؤس’ میں اکشے کمار ایک بھارتی کرکٹ کھلاڑی کے کردار میں نظر آئے۔
سال 2016 اکشے کمار کے لیے بہترین سال رہا۔ جس میں ریلیز ہونے والی ‘ایئر لفٹ’, ‘ہاؤس فُل تھری’ اور ‘رُستم’ تینوں نے ہی بہترین بزنس کیا۔
فلم رُستم میں بہترین اداکاری پر اکشے کمار پہلا نیشنل ایوارڈ فار بیسٹ ایکٹر 2017 اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوئے۔
سال 2017 میں اکشے کمار کی فلم ‘ٹوائلٹ، اک پریم کتھا’ میں بیت الخلا کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔
روّاں سال اکشے کمار کی ریلیز ہونے والی فلم ‘مشن منگل’ سے متعلق بھی اچھے ریویوز آ رہے ہیں جو کہ بھارتی خلائی تنظیم کے 2013 میں کیے جانے والے مارس مشن کے بارے میں ہے۔
اکشے کمار کی 52ویں سالگرہ پر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مبارکبادوں کا تانتا بندھا ہوا ہے اور پوری دنیا سے ان کے مداح سالگرہ کی مبارکبادیں دے رہے ہیں۔
ٹوئٹر پر اکشے کمار کے ایک فین کیتن ٹھاکر نے سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ جب سے میں نے فلموں کو سمجھنا شروع کیا ہے۔ میں چاہتا تھا کہ میرا بیٹا 9 ستمبر کو پیدا ہو اور میری یہ خواہش 2016 میں پوری ہوئی۔
اپنی ٹوئٹ میں کیتن نے بیٹے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ کاش کہ ان کا بیٹا بھی اکشے کمار جیسا بن سکے۔
حکومتی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی رکن اسمبلی ڈاکٹر لاویکر نے ٹوئٹ میں اکشے کمار کو سالگرہ کی مبارکباد دی۔
ڈاکٹر لاویکر نے لکھا کہ آپ نے بہت سے ممنوع موضوعات پر فلمیں بنا کر انقلاب برپا کیا ہے۔
فلم کھلا کھلا کی کہانی کی مصنف مینا آئر نے بھی اکشے کمار کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ خوش رہو۔