رسائی کے لنکس

بھارتی فلم کا پاکستانی ری میک ’ارتھ‘ رومینٹک ہے: شان


’ارتھ‘ بالی وڈ کے مایہ ناز ڈائریکٹر اور پروڈیوسر مہیش بھٹ کی کلاسک فلم ’ارتھ‘ کا ری میک ہے۔ اس فلم میں سمیتا پاٹل اور شبانہ اعظمی جیسی منجھی ہوئی اداکاراؤں نے فن کے جوہر دکھائے تھے

پاکستانی سینما کی رونقیں بحال ہونے کے بعد ’بائیوپک‘ سے لے کر کامیڈی تک نت نئے موضوعات پر فلمیں بن رہی ہیں۔ انہی فلموں میں فلم اسٹار اور ہدایت کار شان شاہد کی فلم ’ارتھ۔ دی ڈیسٹی نیشن‘ بھی شامل ہے۔

چونکہ اس کے تذکرے کافی عرصے سے میڈیا میں گردش کر رہے ہیں۔ لہذا، فلم بینوں کو بے تابی سے اس کا انتظار ہے۔

اس کی ایک وجہ تو یہ ہے کہ ’ارتھ‘ بالی وڈ کے مایہ ناز ڈائریکٹر اور پروڈیوسر مہیش بھٹ کی کلاسک فلم ’ارتھ‘ کا ری میک ہے۔ اس فلم میں سمیتا پاٹل اور شبانہ اعظمی جیسی منجھی ہوئی اداکاراؤں نے فن کے جوہر دکھائے تھے۔

دوسری وجہ یہ ہے کہ ’ارتھ‘ میوزیکل رومینٹک فلم ہے جبکہ اس کی کاسٹ میں شان کے ساتھ ساتھ حمائمہ ملک بھی شامل ہیں۔

شان نے حمائمہ کے کردار سے متعلق وی او اے کو بتایا ’’حمائمہ ملک نے بہت عمدگی سے اپنے کردار کو نبھایا ہے۔ فلم کی پوری کاسٹ نے بہت محنت سے کام کیا ہے۔ لیکن، جو کردار مجھے سے زیادہ طاقتور لگا وہ حمائمہ کا کردار ہے۔ یہ اتنا اسٹرانگ کریکٹر شاید اسی لئے ممکن ہوسکا کہ اسے حمائمہ نے ادا کیا ہے۔‘‘

جواب میں حمائمہ ملک کا کہنا ہے ’’شان اور حماد کی زبردست حوصلہ افزائی، محنت اور مدد کے بغیر میرے لئے اس رول کو اتنے اچھے طریقے سے ادا کر پانا مشکل تھا۔‘‘

شان ’ارتھ‘ کے ڈائریکٹر ہی نہیں بلکہ اسکرپٹ رائٹر بھی ہیں۔ ان کا کہنا ہے’’ارتھ رومینٹک ہے۔ اس کے دو کردار، دو ایسی خواتین کے ہیں جو ایک دوسرے سے بالکل مختلف ہیں اور اپنے اپنے انداز میں زندگی کے اتار چڑھاؤ کا سامنا کرتی دکھائی دیتی ہیں۔‘‘

شان نے امید ظاہر کی کہ فلم بین’ ارتھ‘ کو اس کی کہانی کے ساتھ ساتھ اس کے عمدہ میوزک کی وجہ سے بھی پسند کریں گے۔

XS
SM
MD
LG