کرونا وائرس سے بدترین متاثر یورپی ملک اٹلی میں ایک دن میں 475 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ اس طرح چار دن میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 1500 سے زیادہ اور مجموعی اموات تقریباً تین ہزار ہوگئی ہے۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق بدھ کو اٹلی میں کرونا وائرس کے مزید 4200 سے زیادہ کیسز کی تصدیق ہوئی۔ اس طرح یورپی یونین کے اس رکن ملک میں مریضوں کی کل تعداد 35 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ یہ اعدادوشمار اس لیے پریشان کن ہیں کہ اٹلی میں 10 دن سے لاک ڈاؤن ہے لیکن نئے مریضوں اور ہلاکتوں کی تعداد میں کمی کے بجائے تیزی سے اضافہ ہوتا جارہا ہے۔
کرونا وائرس سے شدید متاثر دوسرے ملکوں میں ایران میں بدھ کو 147 اور سپین میں 90 افراد ہلاک ہوئے۔ ایران میں ہلاکتوں کی تعداد 1135 اور سپین میں 623 ہوچکی ہے۔
امریکہ میں 24 گھنٹوں کے دوران 1276 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی اور 8 افراد ہلاک ہوئے۔ یہاں مریضوں کی تعداد ساڑھے سات ہزار سے زیادہ ہے جبکہ 117 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔ کرونا وائرس کیی جنم بھومی چین میں صرف 13 نئے کیس سامنے آئے جبکہ 11 مریض چل بسے۔
پوری دنیا میں بدھ کو 15 ہزار سے زیادہ کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 13 ہزار سے زیادہ ہوگئی۔ 24 گھنٹوں میں 824 اموات کے ساتھ ہلاکتوں کی تعداد لگ بھگ 8800 ہوچکی ہے۔