سمندری طوفان بپر جائے پاکستان اور بھارت کے ساحلی علاقوں کی جانب بڑھ رہا ہے لیکن اس طوفان سے کراچی کے متاثر ہونے کا خطرہ ٹل گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ طوفان جمعرات کی شام کیٹی بندر سے ٹکرائے گا جس سے کراچی میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ کسی بھی نقصان کے خدشے کے پیشِ نظر ساحلِ سمندر جانے پر پابندی ہے لیکن اس کے باوجود شہری بلند ہوتی لہروں کا نظارہ کرنے کے لیے سمندر پر پہنچ رہے ہیں۔ پولیس نے سی ویو اور ہاکس بے جانے والی سڑکوں کو رکاوٹیں لگا کر بند کر رکھا ہے جب کہ سمندر میں نہانے پر پابندی عائد ہے۔ شہر میں بل بورڈز بھی اتارے جا رہے ہیں تاکہ تیز ہوا میں کوئی حادثہ رونما نہ ہو۔