بالی ووڈ فلموں میں مسٹر پرفیکٹ کا خطاب رکھنے والے عامر خان اب ٹی وی اسکرین پر بھی کا م کرتے نظر آئیں گے۔ انہوں نے اپنے فنی کیرئیر میں پہلی مرتبہ ایک ٹی وی ٹاک شو میں کام کرنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔
بھارت کے ایک بڑے ٹیلی ویژن نیٹ ورک اسٹار انڈیا نے انہیں معاشی مسائل سے جڑے ٹاک شو میں میزان بننے کی آفر کی تھی جو انہوں نے قبول کرلی ہے حالانکہ اس سے پہلے بھی انہیں کئی آفر ز ہوچکی ہیں لیکن وہ ہر بار معذرت کرتے رہے تاہم اس بار برف پگھلی ہے اور وہ چند ماہ بعد ہی ٹی وی اسکرین پراپنے جلوے بکھیرتے نظر آئیں گے۔
اگرچہ اس شو کے بارے میں کچھ زیادہ تفصیلات سامنے نہیں آسکی ہیں مگر عامر خان کا کہنا ہے کہ اگلے سال کے آغاز پر شروع ہونے والا یہ ٹاک شو معاشرتی مسائل ، انسانی ہمدردی و جذبات سے لبریز ہوگا تاہم مزید تفصیلات بتانے سے انہوں نے گریز کیا۔
اس ٹاک شو کی خاص بات یہ ہے کہ یہ بیک وقت آٹھ ٹی وی چینلز سے پیش کیا جائے گا ۔ ان چینلز میں” اسٹار پلس“،” اسٹار ورلڈ“،” اسٹار مزا“، ” اسٹار جلسہ“ اور” ایشیاء نیٹ“ بھی شامل ہیں۔
بھارت میں بالی ووڈسپر اسٹارز مثلاً امیتابھ بچن، شاہ رخ خان، اکشے کمار، پریٹی زنٹا، رہتک روشن ، جوہی چاولہ، سنجے دت اور سلمان خان مختلف ٹی وی پروگرامز میں کام کرتے رہے ہیں اور اب عامر خان بھی ان میں شامل ہونے جارہے ہیں لہذا اس خبر کو بھارتی میڈیا میں خاصی اہمیت دی جارہی ہے۔