چار سال کا طویل عرصہ دوستی کی' نذر' کرنے کے بعد آخرکار ڈائریکٹر انوراگ کرشیپ اور کالکی کوچلین نے شادی کرلی۔شادی بھی ایسی روایتی انداز میں کہ دیکھنے اور سننے والوں کو عرصے تک یاد رہے گی۔ عموماً اس مقام پر پہنچ کر لوگ روایتوں کو بھول جاتے ہیں مگر ان دونوں نے اپنی روایات کو شہرت بخشی ہے۔
شادی خالصتاً جنوبی بھارت کے انداز میں ہوئی ۔دونوں اوٹی کے مضافاتی علاقے کے رہنے والے ہیں لہذا شادی بھی ان کے آبائی علاقے میں ہوئی۔ تقریب کا آغاز صبح ساڑھے دس بجے سو سال پرانے آم کے درخت کے سائے تلے ہوا۔ گاوٴں کے تمام باسیوں کا کہنا ہے کہ یہ درخت نہایت مفید ہے اور اس کے سائے تلے جو بھی کام کیا جاتا ہے اس کا انجام بہت ہی اچھا ہوتا ہے۔
شادی کے دن کالکی نے سفید اور سنہری ساڑھی زیب تن کی جس پر زری کا کام کرایا گیاتھا جبکہ کرشیپ نے سفید کرتا اور لنگی پہنی ہوئی تھی۔ انوراگ نے کالکی کو منگل سوتر پہنایا اورپچاری کے ہم آواز ہوکر اشلوک پڑھے۔ دولہا دلہن کو چٹائی پر بیٹھایا گیا تھا۔ یہ بھی یہاں کی خاص روایت ہے۔
برات میں دونوں خاندانوں کے چالیس افراد شریک تھے ۔ مہمانوں کی تواضح بھی خاص الخاص روایتی انداز میں کیلے کے پتوں پر سبزی کا سالن پروسا کر کی گئی۔ یہ سالن کالکی کی ماں نے خود اپنے ہاتھوں سے گھر پر ہی تیار کیا تھا۔
تقریب دو گھنٹے چلی اور دوپہر ساڑھے بارہ بجے ختم ہوئی۔ قابل ذکر مہمانوں میں انوراگ کے قریبی رشتے داروں کے علاوہ ڈائریکٹر وکرم ادتیہ ، پروڈیوسر شاہناب عالم، وکاس بہل، پیوش مہرہ اور راہول بھٹ شامل تھے۔
انوراگ کرشیپ اور کولکی کی دوستی فلم " دیو ڈی "کی ڈائریکشن کے دوران ہوئی۔ کولکی اس فلم کی ہیروئن تھیں۔ایک اور فلم "شیطان " کی ہیروئن بھی کولکی اورپروڈیوسر انوراگ تھے۔
یہ انوراگ کی دوسری اور کولکی کی پہلی شادی ہے۔ انوراگ کی پہلی شادی آرتی بجاج سے ہوئی تھی اور دونوں کی ایک دس سال کی بیٹی عالیہ بھی ہے ۔ ماں بیٹی دونوں انوراگ کے ساتھ نہیں رہتے تاہم عالیہ نے اپنے پتا کی شادی میں خوشی خوشی شرکت کی۔
دولہا اور دلہن اپنی تیسری آنے والی فلم کی تشہیری مہم میں مصروف ہیں اس لئے فی الحال کہیں بھی جاکر ہنی مون منانے کا کوئی پروگرام نہیں رکھتے۔
یہ بھی پڑھیے
مقبول ترین
1