نئی بالی ووڈ فلموں کی ریلیز کا ’جمعہ بازار ‘کل لگنے جارہا ہے ۔ ویسے تو اس ہفتے دو فلموں کی ریلیز متوقع ہے جن میں عمران خان و کرینہ کپور کی ”ایک میں اور ایک تو“ جبکہ دوسری فلم ”ویلنٹائن نائٹ“شامل ہے تاہم ان میں سے پہلی فلم کا لوگوں کو شدت سے انتظار ہے۔
فلمی صنعت پر نظر رکھنے والے کچھ مبصرین کے نزدیک چونکہ دوہفتے پہلے ریلیز ہونے والی ہٹ فلم ”اگنی پتھ“ ابھی سینماگھروں میں رش لے رہی ہے اس لئے ہوسکتا ہے ”ایک میں اور ایک تو“ کو فوری طور پر وہ رسپانس نہ ملے جس کی بہت زیادہ توقع کی جارہی ہے۔ دیکھیئے کیا ہوتا ہے۔
پچھلے ہفتے ایک اور فلم ”گلی گلی چور ہے“ بھی ریلیز ہوئی تھی مگر فلم بینوں سے اسے کچھ خاص پسند نہیں کیا ۔بھارت سے موصولہ اطلاعات کے مطابق فلم نے ہفتے بھر میں صرف سوا تین کروڑ روپے کا بزنس کیا۔ویسے بھی ”اگنی پتھ“ نے جہاں اور دوسری فلموں کو اپنے سامنے کھڑا نہیں ہونے دیا وہیں ”گلی گلی ۔۔۔“کو بھی اس نے پچھاڑ دیا۔
”اگنی پتھ“ کا ذکر نکلا ہے تو یہ بھی بتاتے چلیں کہ رہتک روشن اور پریانکا چوپڑا کی اداکاری اور کرن ملہوترا کی ڈائریکشن میں بنی یہ فلم ایک ارب روپے کا ہندسہ عبور کرچکی ہے ۔ فلم نے صرف ممبئی میں گیارہ کروڑ روپے سے زیادہ کا بزنس کیا جبکہ دیگر بڑے شہروں سے بھی اچھا بزنس کرنے کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں ۔
”اگنی پتھ “پر مجموعی طور پر 75کروڑ روپے خرچ ہوئے تھے جن میں سے نصف پہلے ہی سیٹیلائٹ حقوق سے حاصل ہوگئے تھے لہذا فلم نے پیسہ کمانے میں نیاریکارڈ تو قائم کرنا ہی تھا۔
”اگنی پتھ“ کی ریلیز سے پہلے جو تین ہٹ اور اچھا بزنس کرنے والی فلمیں چل رہی تھیں مثلاً”دی ڈرٹی پکچر“، ”ڈان ٹو“ اور” پلیئرز“ ان فلموں کا بزنس بھی ”اگنی پتھ“ کی وجہ سے متاثرہوا اور مجموعی طور پر تینوں فلمیں نے دس دس لاکھ سے زیادہ کا بزنس نہیں کیا۔
اس حوالے سے اگر پچھلے ہفتے کی بہترین فلم کسی کو قرار دیا جاسکتا ہے تو وہ ”اگنی پتھ“کے علاوہ اور کوئی نہیں ۔