رسائی کے لنکس

نوپور شرما کے متنازع بیان پر بالی وڈ میں بھی ردِعمل: 'جبراً معافی دل سے نہیں ہوتی'


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت کی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی سابق ترجمان نوپور شرما کے پیغمبرِ اسلام سے متعلق متنازع بیان کے خلاف جہاں احتجاج کیا جا رہا ہے وہیں بالی وڈ شخصیات کی جانب سے بھی ردِ عمل سامنے آ رہا ہے۔

نوپور شرما نے 28 مئی کو ایک مقامی ٹی وی چینل کے پروگرام میں پیغمبرِ اسلام سے متعلق متنازع بیان دیا تھا۔ نوپور شرما کے علاوہ بی جے پی دہلی کے میڈیا چیف نوین جندل نے بھی پیغمبرِ اسلام سے متعلق ایک متنازع ٹوئٹ کیا تھا جسے جندل نے ڈیلیٹ کر دیا تھا۔

بعدازاں مقامی مسلم تنظیموں اور خلیجی ملکوں کی جانب سے شدید احتجاج کے بعد بی جے پی نے پانچ جون کو نوپور شرما کی پارٹی رکنیت معطل کر دی تھی جب کہ نوین جندل کو پارٹی سے نکال دیا تھا۔

نوپور شرما نے پانچ جون کو ٹوئٹر پر ایک وضاحتی بیان بھی جاری کیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ان کا کسی کے مذہبی جذبات مجروح کرنے کا ارادہ نہیں تھا۔

نوپور کے اس بیان پر بالی وڈ اداکار فرحان اختر نے اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "جبراً معافی دل سے نہیں ہوتی۔"

بھارتی اداکارہ سوارا بھاسکر نے نوپور کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ "امید ہے آپ اپنی غیر ذمہ داری کی وجہ سے جنم لینے والے اس تنازع سے لطف اندوز ہو رہی ہوں گی۔"

سوارا بھاسکر نے کہا آپ کے چاہنے والوں کو آج دنیا کے سامنے شرمندگی کا سامنا ہے اور بھارت بھی اس شرمندگی کا حصہ بن گیا ہے۔

معروف بھارتی گلوکار اور موسیقار وشال ددلانی نے کہا کہ کیا کسی کو احساس ہے کہ اس مشکل معاشی وقت میں نوپور، نوین اور نویکا کے بیانات سے بھارت کو کتنا نقصان پہنچا ہے۔

بھارتی اداکار اور فلم ناقد کمال آر خان کا کہنا ہے کہ عرب ممالک کو ایسے تمام صحافی اور رہنماؤں کو اپنے ملک آنے پر پابندی لگا دینی چاہیے جو مسلمانوں کے خلاف نفرت کا پھیلانے کا باعث بن رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شخص غلط کام کر رہا ہے تو اس کے خلاف مقدمہ درج کرنا چاہیے نہ کہ پوری کمیونٹی کو نشانہ بنانا چاہیے۔

کمال آر خان نے یہ بھی کہا کہ اگر تمام مسلمان بُرے ہیں تو ان کے ساتھ کاروبار ہی نہ کریں۔

بالی وڈ شخصیات کے علاوہ اس معاملے پر پاکستانی اداکار فیصل قریشی کی جانب سے بھی ایک ویڈیو پیغام جاری کیا گیا ہے۔

فیصل قریشی نے پیر کو جاری پیغام میں کہا کہ "اس وقت جو مسئلہ چل رہا ہے جس پر سب کو بات کرنی چاہیے اس پر سب خاموش کیوں ہیں؟"

انہوں نے کہا کہ وہ سب سے درخواست کرنا چاہتے ہیں کہ سب اس بارے میں بات کریں اور اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں کیوں کہ اب پانی سر سے گزر چکا ہے۔

XS
SM
MD
LG