رسائی کے لنکس

فلم پدماوتی کے تنازعے میں ’بی جے پی‘ بھی شامل


’’اگر سنجے لیلا بھنسالی مظاہرین کے مطالبے کے مطابق اپنی اس نئی فلم کے متنازعہ حصوں کو حذف کرنے پر آمادہ نہیں ہوتے تو اُنہیں آئیندہ کوئی فلم بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔‘‘

بھارت میں سنجے لیلا بھنسالی کی متنازعہ فلم ’پدماوتی‘ کے حوالے سے جاری تنازعے میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی BJP بھی شامل ہوگئی ہے اور بی جے پی کے لوک سبھا کے رکن رام قدم نے کہا ہے کہ اگر سنجے لیلا بھنسالی مظاہرین کے مطالبے کے مطابق اپنی اس نئی فلم کے متنازع حصوں کو حذف کرنے پر آمادہ نہیں ہوتے تو اُنہیں آئیندہ کوئی فلم بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

بی جے پی کے راہنما، رام قدم نے بھنسالی کی طرف سے کی گئی وضاحت کو یکسر مسترد کر دیا ہے جس میں اُنہوں نے کہا تھا کہ اس فلم میں کوئی ایسا سین شامل نہیں کیا گیا ہے جس سے راجپوتوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچے۔

اس تاریخی فلم میں دپیکا پوڈکون، رانی پدماوتی اور رنویر سنگھ علاؤالدین خلجی کے کردار نبھا رہے ہیں، جبکہ شاہد کپور مہاراول رتن سنگھ کا رول ادا کر رہے ہیں۔

رام قدم نے کہا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ اس فلم پر مکمل پابندی کا مطالبہ کریں گے۔ رام قدم فلم اسٹوڈیو سیٹنگ اور الائیڈ مزدور یونین کے بھی سربراہ ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم کسی ایسے شخص کی حمایت نہیں کریں گے جو اپنی فلم کی پبلسٹی کیلئے تاریخ کو مسخ کرنے کی کوشش کر رہا ہو۔

اس سے قبل ہندو جناجاگرتی سمیٹی نامی تنظیم نے سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن CBFC پر زور دیا کہ اگر اس فلم سے متنازع سین ہٹائے نہیں جاتے تو وہ اسے سینسر سرٹیفکیٹ جاری نہ کرے۔

پدماوتی کو بھارتی ادب میں ایک نمایاں مقام حاصل ہے۔ تاہم، رانی پدماوتی کے وجود کے بارے میں حقیقی طور پر کوئی ثبوت موجود نہیں ہیں۔ فلمسازوں کا کہنا ہے کہ اس کردار پر مبنی فلم دراصل ایک تخیلاتی کہانی ہے۔

بالی ووڈ سے وابستہ متعدد شخصیات اور تنظیموں نے سنجے لیلا بھنسالی کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔ منگل کے روز انڈین فلم اینڈ ٹی وی ڈائریکٹرز ایسوسی ایشن IFTDA نے سنجے لیلا بھنسالی کی حمایت میں ایک پریس کانفرنس کا بھی انعقاد کیا۔

یہ فلم پروگرام کے مطابق یکم دسمبر کو سنیما گھروں میں نمائش کیلئے پیش کر دی جائے گی۔ تاہم، فلم کے پروڈیوسر اور ڈایریکٹر سنجے لیلا بھنسالی کو متعدد تنظیموں کی طرف سے مسلسل دھمکیاں مل رہی ہیں۔ اس وجہ سے مہاراشٹر کی ریاستی حکومت نے اُنہیں پولیس کی سیکورٹی فراہم کر دی ہے۔

ابھی یہ واضح نہیں کیا گیا ہے کہ سیکورٹی کا معیار کیا ہو گا ۔ IFTDA نے سیکورٹی فراہم کرنے پر ریاست کے وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ اس فلم کو نمائش کیلئے پیش کرنے کے سلسلے میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی، تاکہ بھنسالی ایسی معیاری فلمیں بنانے کا سلسلہ جاری رکھ سکیں۔

XS
SM
MD
LG