رسائی کے لنکس

نئی فلموں میں پرانی ہیروئنز کی واپسی: کتنی کامیاب کتنی ناکام ؟


نئی فلموں میں پرانی ہیروئنز کی واپسی: کتنی کامیاب کتنی ناکام ؟
نئی فلموں میں پرانی ہیروئنز کی واپسی: کتنی کامیاب کتنی ناکام ؟

کہتے ہیں کہ جس کسی کو بھی شہرت کی ’ہوا‘ ایک بار چھو جائے اس کا دل پھر کہیں اور مشکل سے ہی لگتا ہے۔ نوے کی دہائی میں دھوم مچا دینے والی ہیروئنوں کو ہی دیکھ لیجئے ۔ اپنے دور کے نامی گرامی چہروں سے شادی کرکے فلمی دنیا سے دوری اختیار کی اور خاموشی کی زندگی جینے لگیں ۔ ان میں سے کئی ہیروئینز تو ایسی تھیں جنہوں نے سات سمندر پار گھر بسائے مگر فلمی پردے کی شہرت نے انہیں رہ رہ کر ایسا تڑپایا کہ اب یہی ہیروئنز دوسری اننگز کھیلنے کے لئے دوبارہ میدان میں اترنے کی تیاری کررہی ہیں۔ کچھ تو میدان میں اتر بھی آئیں ہیں۔ مثلاً

سری دیوی
دیوی جی نے اپنے عروج کے دور میں امیتابھ بچن کے ساتھ فلم”خدا گواہ “کی تھی پھر اس کے آس پاس ہی وہ بونی کپور سے شادی کرکے گھر بسا بیٹھیں ۔ کئی سال تک آوٴٹ آف اسکرین رہیں مگر اب پھر فلموں اور شہرت کی کشش انہیں فلمیں میں کھینچ لائی ہے۔ امیتابھ بچن کے ساتھ ہی ان کی نئی فلم”انگلش ونگلش“ اسی سال ریلیز ہونے جارہی ہے۔ ان کے بارے میں مبصرین کا کہنا ہے کہ وہ پہلے سے زیادہ خوبصورت اور اسمارٹ ہو کر بالی وڈ میں دوبارہ انٹری لے رہی ہیں۔ یوگا کے ذریعے پرفیکٹ فگر حاصل کرنے والی سری دیوی کے بارے میں ایک بات اور قابل ذکر ہے ۔ اور وہ یہ کہ ان کی دو بیٹیوں میں سے ایک بیٹی بھی جلد پردہ سیمیں پر جلوہ افروز ہونے والی ہیں۔

مادھوری ڈکشٹ
دس برسوں تک بالی وڈ فلم نگری پر راج کرنے والی مادھوری شادی کے بعد فلمی دنیا کو خیر باد کہہ کر امریکا سدھار گئیں تھیں لیکن پھر اچانک جانے انہوں کیا سوجی کہ امریکا سے دوبارہ بھارت آبسیں اور یہاں آتے ہیں ایک رئیلٹی شو ’ ’آ جا نچ لے“کی جج بن گئیں۔شو کے بعد آج کل وہ ”ڈیڑھ عشقیہ “ کا اسکرپٹ پڑھنے میں مصروف ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ایک رئیلٹی شو ”جھلک دکھلا جا‘ ‘میں بھی جج کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔

کرشمہ کپور
”راجہ ہندوستانی“ کی کامیابی کے فوری بعد کرشمہ کپور نے بھی شادی کرکے ”دور گگن کی چھاوٴں میں “ اپنا بسیرا ڈال لیا تھا مگر یہ بسیرا عارضی ثابت ہوا۔ کرشمہ کی اپنے شوہر سے نہ بن سکی اور آج کل وہ اکیلی رہ رہیں۔ اپنی بہن کرینہ کے نقش قدم پر چل کر ’سائز زیرو‘ اختیار کرنے والی پہلے سے بھی زیادہ پرکشش کرشمہ کپور فلموں میں واپسی کے لئے خود کو فٹ رکھنے میں مصروف ہیں۔ وہ فلم ”ڈینجرس عشق“سائن کرچکی ہیں ۔ اس فلم میں وہ ایک سپر رول ماڈل کی حیثیت سے نظر آئیں گی۔

روینہ ٹنڈن
ایک رئیلٹی ٹی وی شوکی میزبانی کرنے اور امیتابھ کی فلم ’بڈھا ہو گا تیرا باپ‘ میں مہمان اداکارا کا رول ادا کرنے کے بعد اب روینہ ٹنڈن فلم”گن لیا آسمان “میں چھ سالہ بچے کی ماں کا کردار ادا کریں گی جس کا نیول آفیسر باپ ایک جہاز کے حادثے میں لاپتہ ہو جاتا ہے۔

کاجل
اجے دیوگن سے شادی کرنے کے بعد کاجل کافی عرصے تک گمنام رہیں ، اس کے بعد انہوں نے کم بیک کیا فلم ” فنا“ سے جس میں ان کے ہیرو تھے عامر خان۔ فلم نے خاطرخواہ کامیابی حاصل نہیں کی جس کے سبب وہ پھر گمنامی میں چلی گئیں مگر سال 2012 میں ہی ان کی واپسی متوقع ہے ۔

ایشوریہ رائے
فلمی دنیا کے با خبر لوگوں کا کہنا ہے کہ ایشوریہ رائے بچن بیٹی کی پیدائش کے بعدشاہ رخ خان کے ساتھ دو فلموں میں طور ہیروئن نظر آئیں گی۔ سری رام راگھون کی ’ ہیپی برتھ ڈے‘ اور سنجے لیلا بنسالی کی ’ باجو راوٴ مستانی ‘ میں۔

ایشا دیول
اپنے ماں باپ’ ہیما مالنی اور دھرمیندر‘ کے بھرپور آشیر باد اور کوششوں کے باوجود ایشا دیول کی فلم’ ’ٹیل می او خدا“ بری طرح فلاپ ہو گئی۔پچھلے کچھ برسوں سے ایشا منظر سے غائب تھیں لیکن فلم”ٹیل می او خدا“ کے بعد ایشانے اپنے دوست سے منگنی رچا لی ۔ امید ہے کہ اس ’رول ‘میں ایشا ضرور کامیاب ہو جائیں گی۔


پریتی زنٹا
پریتی نے اپنا پروڈکشن ہاوٴس PZNP کے نام کھول لیا ہے۔ پریتی کی آنے والی فلم ’عشق ان پیرس ‘ ہے جو اطلاعات کے مطابق ہالی وڈ کی کامیاب فلم BEFORE SUNRISE سے متاثر ہو کر بنائی گئی ہے۔

نیتو سنگھ
گلیمر کی دنیا سے 26سال تک دور رہنے کے بعد نیتو سنگھ کی واپسی ہوئی ’لو آجکل‘سے ۔جس میں ان کے حقیقی شوہررشی کپور نے ہی ان کے فلمی شوہر کا کردار بھی ادا کیا تھا۔اس کے علاوہ نیتو نے ’ دو دنی چار “میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

ساریکا
ساریکا ایک طویل عرصے بعد فلم انڈسٹری کو دوبارہ جوائن کررہی ہیں۔ انھوں نے گجرات کے ہنگاموں کے پس منظر میں بنائی گئی فلم ’ پرزانیہ ‘ میں حقیقت سے قریب کردار ادا کرنے پر سب سے داد سمیٹی۔ ساریکا مزید اچھے اسکرپٹ پر کام کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں دیکھتے ہیں ان کا یہ ارادہ کب پائے تکمیل کو پہنچتا ہے۔

XS
SM
MD
LG