رسائی کے لنکس

اس سال ریلیز ہونے والی ایک سے بڑھ کر ایک سیکوئل فلمیں


آپ برسوں پہلے سے ہالی ووڈ فلموں کے سیکوئلز کے بارے میں سنتے چلے آرہے ہوں گے، سیکوئلز سے مراد سلسلے وار کہانیوں پر بننے والی فلمیں ہے۔ ہالی ووڈ میں یہ رجحان عام ہے کہ ایک کہانی پر فلم بنتی ہے مگر اس کہانی کے اختتام سے پہلے ہی اس میں نئے واقعات جوڑ دیئے جاتے ہیں اور پھر ان نئے واقعات پر ایک نئی فلم بنادی جاتی ہے جو دراصل پہلی فلم کا”سیکوئل “،” تسلسل“ یا ”سلسلہ “کہلاتی ہے۔

بالی ووڈ میں بھی اب سیکوئل فلموں کا رجحان بہت تیزی سے زور پکڑ رہا ہے۔ اتنی تیزی سے کہ اگرسال 2012ء کو ”سیکوئل فلموں کا سال “کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔ ایسا لگتا ہے کہ یہ سال ان ہی فلموں کے لئے مخصوص ہوگیا ہے۔ اس سال بڑے بڑے فلمسازاپنی ماضی کی کامیاب فلموں کے سیکوئل ایک کے بعد ایک ریلیز کریں گے ۔ آیئے ان فلموں کے حوالے سے کچھ تفصیلات ملاخطہ کریں :

فنکاروں کی برات ۔۔۔”ہاوٴس فل ٹو“

سب سے پہلے ذکر ڈائریکٹر ساجد خان کی عنقریب ریلیز ہونے والی فلم ”ہاوٴس فل ٹو“ کا ۔ اس فلم کے چرچے آج کل ہر جگہ ہورہے ہیں ۔اس فلم کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ اس میں متعددبڑے بڑے فنکار شامل ہیں مثلاً اکشے کمار، رتیش دیش مکھ، بومن ایرانی، آسین، جان ابراہم ، جیکلین فرنانڈس، شیریاس تلپڑے، زرین خان، متھن چکرورتی، رشی کپور، رندھیر کپور، رانی مکھرجی ، چنکی پانڈے، جانی لیور، کرشمہ کپور، ملائیکہ اروڑہ اور کرکٹ اسٹار مہندر سنگھ دھونی۔ گویا فنکاروں کی پوری برات اس فلم میں شامل ہے ۔ فلم کی کہانی نئی مگر اس کا ” سلسلہ “ پرانا ہے۔ یہ مزاحیہ فلم ہے ۔

”کیا سپرکول ہے ہم “

اس سال کی دوسری سیکوئل فلم کی بات کریں جو ہوگی رتیش دیش مکھ اور تشار کپور کی ۔۔ ” کیا سپر کول ہے ہم “۔ یہ فلم اسی نام سے سن 2005ء میں بھی بن چکی ہے۔ فرق یہ ہے کہ پرانی فلم کے دو ستاریں’ کول‘ سے ”سپر کول“ ہوگئے ہیں۔ پہلے انہیں کوئی جانتا بھی نہیں تھا اور اب ۔۔۔ان کا نام ان ہی پہچان ہے۔

”ونس اپون اے ٹائم ان ممبئی 2“

چونکہ انڈر ورلڈ بالی ووڈ فلموں کے بے شمار فلمسازوں کا پسندیدہ موضوع رہا ہے لہذا اسی موضوع کو اجاگر کرتی فلم ” ونس اپون اے ٹائم ان ممبئی ٹو “ بھی اسی سال ریلیز ہوگی۔ اس وقت یہ فلم تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ۔ فلم کا مرکزی کردار عمران ہاشمی نے اداکیا تھا جبکہ سیکوئل میں یہ کردار اکشے کمار کو دیا گیا ہے۔

”کرش 3“

اسی سال راکیش روشن سپر ہیرو سیریز کا نیا سیکوئل ”کرش3“ پیش کرنے جارہے ہیں۔ فلم کی شوٹنگ پورے روز وشور سے جاری ہے ۔ فلم کی کہانی میں کچھ نئے ”ٹوئسٹس اور ٹرنز ’پیدا کئے گئے ہیں۔ فلم کے ہیرو رہتک روشن کا کہنا ہے کہ فلم اسی سال جولائی میں ریلیز کردی جائے گی۔

”دبنگ ٹو“

سپر اسٹار سلمان خان کے کیا کہنے ۔۔وہ اس سال پھر ”دبنگ “کے سیکوئل میں پردے پر چھائے رہیں گے۔ اس فلم کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ ’منی ‘کا کردار ملائیکہ اروڑا خان کی جگہ کرینہ کپور کرتی نظر آئیں گی۔ فلم بینوں کو ابھی سے انتظار ہے کہ بے بو بدنام ”منی “کے روپ میں کیسی لگیں گی۔۔۔اور اپنے اوپر پکچرائز ہونے والے نئے آئٹم سانگ میں کس کس طرح غضب ڈھائیں گی۔ تو بس دبنگ ٹو کا سیکوئل دیکھنے کے لئے تھوڑا سا انتظار اور۔۔۔

”جسم“، ”راز 3“اور ”جنت ٹو“

مہیش بھٹ اور مکیش بھٹ بھی فلم” جسم“ کا سیکوئل رواں سال ہی پیش کریں گے ۔ اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں انڈین نژاد پورن اسٹار سنی لیون مرکزی کردار اداکررہی ہیں۔ پچھلے دنوں ان کی بھارت آمد کے بعد ہفتوں اور مہینوں تک ان کے بارے میں لکھا اور سنا جاتا رہا، یہاں تک کے جو جو لوگ ان سے ناواقف تھے اب وہ بھی انہیں اچھی طرح جاننے لگے ہیں۔

بھٹ برادرز اس سال اپنی دو اور فلموں کا سیکوئل پیش کریں گے ۔۔”راز تھری “اور ”جنت ٹو“۔۔یہ دونوں ہی فلمیں ہٹ ہوئی تھیں۔

”ریس ٹو“

ایکشن فلموں کے دلدادہ فلم بینوں کو بھی مایوس ہونے کی ضرورت نہیں کیوں کہ عباس اور مستان سن 2008ء کی کامیاب فلم ”ریس“ کا سیکوئل پیش کرنے جارہے ہیں۔ فلم کی ہیروئن ہوں گی دپیکا پڈکون۔ پہلے وہ سیکوئل سے” آوٴٹ “ہوگئی تھیں مگر اب دوبارہ” ان“ ہوگئی ہیں ۔

”عشقیہ“، ” تنو ویڈز منوٹو“،”شوٹ آوٴٹ ایٹ وڈالا “اور ”راک آن“

ودیابالن، ارشد وارثی اور نصیر الدین شاہ جیسے ستاروں سے سجی کامیاب فلم ”عشقیہ “ کا بھی سیکوئل تیار ہے مگر اس بار وودیا بالن کی جگہ کنگنا راناوت اور مادھوری دکشت نے لے لی ہے۔ ویسے کنگنا کا ایک اور سیکوئل” تنو ویڈز منوٹو“ بھی اسی سال ریلیز کے لئے تیار ہی ہے۔

علاوہ ازیں کنگنا کا ہی ایک اور سیکوئل ایکتا کپور اور سنجے گپتا کے ساتھ”شوٹ آوٴٹ ایٹ وڈالا“ آخری مراحل میں ہے۔ یہ 2007ء میں ریلیز ہونے والی کامیاب فلم ”شوٹ آوٴٹ ایٹ لوکھنڈوالا“ کا سیکوئل ہے۔

اسی سال فرحان اختر کی ہٹ فلم ”راک آن“ کا سیکوئل بھی ریلیز ہونے جارہا ہے ۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ان سیکوئلز میں سے کون کون سے سیکوئلز آگے چل پائیں گے اور کون سے سیکوئلز پر یہیں ”فل اسٹاپ“ لگ جائے گا۔

XS
SM
MD
LG