دنیا بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد نصف کروڑ ہونے والی ہے جبکہ تقریباً سوا تین لاکھ افراد عالمگیر وبا کی زد میں آکر جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ برطانیہ میں ایک ہفتے بعد پھر 500 سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
دوسری جانب 22 ملکوں اور جزیروں سے کرونا وائرس کا مکمل خاتمہ ہو چکا ہے جہاں چند اموات ہوئی ہیں اور باقی مریض شفایاب ہوگئے ہیں۔ پوری دنیا میں لگ بھگ بیس لاکھ افراد شفایاب ہوچکے ہیں۔
جانز ہاپکنز یونیورسٹی اور ورڈومیٹرز کے مطابق، 213 ملکوں اور خود مختار خطوں میں وبا پھیلنے کی تصدیق ہوئی تھی جن میں سے 191 میں اب بھی ایکٹو کیسز موجود ہیں۔ منگل کو تمام مریضوں کی مجموعی تعداد 49 لاکھ 60 ہزار اور ہلاکتوں کی تعداد 3 لاکھ 23 ہزار سے زیادہ تھی۔
24 گھنٹوں کے دوران برازیل میں 987، برطانیہ میں 545، اٹلی میں 162، میکسیکو میں 155، بھارت میں 145، پرو میں 125 اور روس میں 115 مریض چل بسے۔ اسپین، کینیڈا، جرمنی اور ایران میں 50 سے زیادہ اموات ہوئیں۔
امریکہ میں منگل کی شام تک 1300 سے زیادہ اموات کا علم ہوچکا تھا جس کے بعد مجموعی تعداد 93 ہزار تک پہنچ گئی تھی۔ ملک بھر میں ایک کروڑ 25 لاکھ افراد کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ ہوچکے ہیں جن میں ساڑھے 15 لاکھ سے زیادہ مثبت آئے ہیں۔
امریکہ کی 18 ریاستوں میں ایک ہزار سے زیادہ اموات ہوچکی ہیں جن میں نیویارک میں ساڑھے 28 ہزار اور نیوجرسی میں ساڑھے 10 ہزار ہلاکتیں شامل ہیں۔
امریکہ کے بعد سب سے زیادہ کیسز روس میں سامنے آچکے ہیں جن کی تعداد 3 لاکھ ہے۔ اسپین، برازیل، برطانیہ اور اٹلی میں دو لاکھ اور فرانس، جرمنی، ترکی، ایران اور بھارت میں ایک لاکھ سے زیادہ مریضوں کی تصدیق ہوچکی ہے۔
روس میں کیسز زیادہ ہیں۔ لیکن، اموات نہیں جن کی تعداد 3 ہزار سے کم ہے۔ برطانیہ میں اموات کی تعداد 35 ہزار، اٹلی میں 32 ہزار، فرانس میں 28 ہزار، اسپین میں 27 ہزار اور برازیل میں ساڑھے 17 ہزار سے زیادہ ہے۔ برطانیہ کی اموات میں وہ 8 ہزار افراد شامل نہیں جنھیں اس کے محکمہ شماریات نے اس لیے گنا تھا کہ ان کے ڈیتھ سرٹیفکیٹ پر موت کی وجہ کرونا وائرس درج ہے۔
اب تک ساڑھے 19 لاکھ افراد کرونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں جن میں امریکہ کے 3 لاکھ 61 ہزار، اسپین کے ایک لاکھ 96 ہزار، جرمنی کے ایک لاکھ 55 ہزار، اٹلی کے ایک لاکھ 29 ہزار، ترکی کے ایک لاکھ 12 ہزار اور برازیل کے ایک لاکھ شہری شامل ہیں۔