برطانیہ کے 14 سالہ پولیوس زیبوتکینا نے اپنی غیرمعمولی ذہانت کی بنیاد پردنیا کے ذہین ترین افراد کی انجمن 'مینسا' کی رکنیت حاصل کر لی ہے۔
پولیوس نے اعلٰی ذہانت کے امتحان میں 162 کا شاندار اسکور حاصل کیا ہے جو آئی کیو ٹیسٹ میں 18 برس سے کم عمرنوجوانوں کے کسی بھی ممکنہ اعلٰی اسکور سے زیادہ ہے۔
ذہانت کا اعلٰی سرٹیفیکٹ حاصل کرنے کے بعد پولیوس برطانیہ کے ایک فیصد جینئس افراد کے کلب میں شامل ہو گئے ہیں۔
برطانوی شہر وورسٹرشائر سے تعلق رکھنے والے پولیوس کا آئی کیو اسکور نظریہ اضافت کے بانی آئن اسٹائن،مشہور سائنسدان اسٹیفن ہاکنگ اور دنیا کے مالدار شخص بل گیٹس سے بھی دو پوائنٹس زیادہ ہے۔
پولیوس زیبوتکینا 'بلیسڈ ایڈورڈ اولڈ کارن کیتھولک کالج' میں دسویں جماعت کے طالب علم ہیں اور مستقبل کے حوالے سے کیمبرج یونیورسٹی میں الیکٹریکل انجنیئرنگ پڑھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔انہیں ریاضی اور سائنس کے مضامین میں گہری دلچسپی ہے۔
والدین کے اصرار کرنے پرپولیوس نے گزشتہ ماہ آئی کیو ٹیسٹ میں حصہ لیا تھا۔ پولیوس کے والدین سمجھتے تھے کہ وہ ایک ذہین بچہ ہے لیکن پولیوس دنیا کے گنے چنے ذہین افراد میں سے ایک ہے، اس کا انھیں بالکل بھی اندازہ نہیں تھا۔
'مینسا' دنیا کا سب سے پرانا اور معتبر ادارہ ہے جہاں اعلٰی ترین ذہانت کا مظاہرہ کرنے والوں کو رکن کی حیثیت حاصل ہوتی ہے۔ اس تنیم کی رکنیت رکھنے والے افراد کی تعداد 21 ہزار بتائی جاتی ہے۔
'مینسا' کے مطابق عام طور پر ایک عام آدمی کا آئی کیو اسکور 70 سے 100 کے قریب ہوتا ہے جب کہ 140 سے زیادہ اسکور کرنے والوں کو جینئس کے زمرے میں شامل کیا جاتا ہے۔
ذہین پولیوس نے مینسا کا اعلٰی ترین اسکور حاصل کرنے پر برطانوی اخبار 'مرر' کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے لیے آئی کیو ٹیسٹ کا نتیجہ حیران کن تھا۔ وہ اس نتیجے کی بالکل بھی توقع نہیں رکھتے تھے اور اپنی خوشی کو الفاظ میں بیان کرنے سے قاصر ہیں۔
پولیوس کی والدہ ایگل نے بتایا کہ جس وقت ہم نےلتھوانیا سے برطانیہ ہجرت کی تو پولیوس کی عمر پانچ برس تھی۔ ہمیں اس کی غیر معمولی ذہانت کا اندازہ اس وقت ہوا جب وہ اسکول جانے لگا۔ پولیوس نے چھ ماہ میں فرفر انگریزی بولنا سیکھ لی تھی، اسے ہر قسم کی معلومات یاد رہتی، اس کی یاداشت حیرت انگیز طور پرکمال کی تھی، وہ 8 برس کی عمر میں ہر قسم کی کتابیں پڑھا کرتا اور اس کی معلومات ہم سے شیئر کرتا تھا۔
پولیوس کے والدہ کے مطابق ان کے بیٹے کو یو ٹیوب پر فلمیں بنانے کا شوق ہے اور وہ اکثر میوزیکل فلمیں بھی بناتا ہے۔ اس کے علاوہ پولیوس گٹار بجانا سیکھ رہا ہے اور ابھی سے بہت اچھا بجا لیتا ہے۔ بلکہ یہ کہنا درست ہو گا کہ پولیوس جو بھی کام کرتا ہے وہ بہت اچھا کرتا ہے۔