امریکہ میں کرونا وائرس سے 11 ہلاکتوں اور نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ریاست کیلی فورنیا میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
ایمرجنسی کے نفاذ کا فیصلہ بدھ کو کیلی فورنیا میں ہونے والی پہلی ہلاکت کے فوری بعد کیا گیا ہے۔ اس سے قبل ریاست واشنگٹن میں کرونا وائرس سے 10 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
کیلی فورنیا کے گورنر گیون نیورم نے ایمرجنسی کے نفاذ کے ساتھ ہی ایک بیان بھی جاری کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ کیلی فورنیا میں کرونا وائرس سے مجموعی طور پر اب تک 53 افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔
کیلی فورنیا کے گورنر کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ کررونا وائرس کے پھیلاؤ کو کم کرنے کے لیے ہر سطح پر کوششیں کی جا رہی ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق صحت کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے کیلی فورنیا میں ہونے والی ہلاکت واشنگٹن کے باہر پہلی موت ہے۔
ریاست کا مضافاتی علاقہ وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں اب تک کرونا وائرس سے متاثرہ 39 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
پبلک ہیلتھ حکام نے بتایا ہے کہ لاس اینجلس کاؤنٹی کے چھ مریضوں میں بھی کرونا وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔
اسکول بند ہونے سے 30 کروڑ بچے تعلیم سے دور
کرونا وائرس کے سبب دنیا بھر کے 29 کروڑ بچے ان دنوں اسکول نہیں جا رہے اور گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔
بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے والے اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے 'یونیسکو' نے بدھ کو بتایا ہے کہ وائرس کے پھیلتے ہی مختلف ممالک نے غیر معمولی اقدامات تحت اسکولوں میں تعطیلات کا اعلان کر دیا تھا۔
اب تک 13 ممالک اسکولوں کو بند رکھنے کا اعلان کر چکے ہیں جب کہ 9 دیگر ممالک نے جزوی طور پر اسکولوں کو بند کر رکھا ہے۔
یونیسکو کے سربراہ اوڈرے زیولے کا کہنا ہے کہ اگرچہ کسی بحران کے دوران عارضی اسکولوں کی بندش کوئی نیا واقعہ نہیں ہے لیکن اس بار تعطیلات کا دورانیہ کافی طویل ہو گیا ہے اور اس میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
چین میں دسمبر 2019 سے اسکولوں کو غیر معینہ مدت تک کے لیے بند کر دیا گیا تھا جب کہ پاکستان کے دو صوبوں سندھ اور بلوچستان میں یکم مارچ سے 15 مارچ تک کے لیے اسکول بند ہیں۔
اٹلی نے تمام اسکول اور یونیورسٹیاں 15 مارچ تک بند رکھنے کی ہدایات جاری کی ہیں جہاں اب تک کرونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 107 ہو گئی ہے۔
چین کے بعد اٹلی میں کرونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جب کہ جنوبی کوریا میں چین کے بعد سب سے زیادہ افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جن کی تعداد چھ ہزار ہے۔
جنوبی کوریا میں نئے تعلیمی سال کا آغاز 23 مارچ تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح جاپان میں وزیرِ اعظم شنزو ایبے کی ہدایت پر اپریل کے اوائل تک تمام اسکول بند کر دیے گئے ہیں۔
فرانس کے ان علاقوں میں واقعے 120 اسکولوں کو بند کر دیا گیا ہے جہاں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔
یاد رہے کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد تین ہزار سے تجاوز کر چکی ہے اور اس سے 90 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔