رسائی کے لنکس

کینز کا فلمی میلہ : آسکر کی طرح پاکستان پھر ایوارڈ جیت سکتا ہے!


جنوبی فرانس کے ساحلی قصبے کینز میں دنیا ئے فلم کا سب سے بڑا میلہ نئی سج دھج اور سحر انگیری کے ساتھ جاری ہے۔ یہ کینز کا 65 واں فلم فیسٹول ہے ۔ اس بار پاکستان کے لئے کینز فلم فیسٹول آسکر کی طرح ہی غیر معمولی طور پر اہمیت کا حامل ہے کیونکہ پہلی بار مقابلے میں مختصر دستاویزی فلم کی کیٹیگری شامل کی گئی ہے۔

اور اعزاز کی بات یہ ہے کہ پاکستان کے نوجوان فلمساز ارسلان خان کی پروڈیوز کردہ دستاویزی فلم”دی کنگ ڈم آف وومن “ کو اس کیٹیگری کے لئے نامزد کیا گیا ہے۔ ”دی کنگ ڈم آف وومن“ مینا بازار کراچی میں کام کرنے والی باہمت اور پرعزم خواتین سے متعلق ہے۔ اس کا انتخاب دس ہزاردستاویزی فلموں میں سے کیا گیا ہے ۔

بھارت کی بات کی جائے تو اس سال چاربھارتی فلمیں نمائش کے لئے پیش کی جائیں گی جن میں سب سے زیادہ اہمیت دی جاررہی ہے ہدایت کار انوراگ کشیپ کی فلم ’گینگ آف واسع پور‘ کو۔

ماضی میں دس مرتبہ کینز میں بھارت کی نمائندگی کرنے والی اداکارہ ایشوریا رائے اس بار بھی یہ اعزاز برقرار رکھے ہوئے ہیں ۔ ان کے علاوہ اداکارہ سونم کپور اور بھارتی نژاد ہالی وڈ اداکارہ فریدہ پنٹو کو بھی اس میلے کی افتتاحی تقریب میں مدعو کیا گیا ۔

تاہم فریدہ کے بارے میں اطلاعات یہ ہیں کہ اس بار وہ محفل لوٹنے میں ناکام رہیں حالانکہ وہ آسکر ایوارڈ کی تقریب میں سب سے اہم کردار اداکرچکی ہیں۔

رنگوں اور روشنیوں کی چکاچوند میں ڈوبا کینز فیسٹول اپنی تما م تر رنگینوں کے ساتھ27 مئی تک جاری رہے گا جبکہ 16 تاریخ کو اس کی افتتاحی تقریب کی میزبان تھیں فرانسیسی اداکارہ بیری نائس بیجو ۔

فلم سے وابستہ شخصیات تقریب میں شرکت کے لئے پہنچیں تو بڑی تعداد میں مداح ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے بیتاب تھے۔ میزبان نے نو رکنی جیوری کا اعلان کیا جومقابلے میں شریک بہترین فلموں کے لئے ”گولڈن پام ایوارڈ“ کا فیصلہ کریں گی۔

جیوری کے سربراہ ایکٹر اور ڈائریکٹر نانی مروتی ہیں۔ اس سال گولڈن پام ایوارڈ کے لئے 22 فلموں کے درمیان مقابلہ ہوگا جنہیں 4300 فلموں میں سے منتخب کیا گیا ہے۔ افتتاحی تقریب کے اختتام پر فلموں کی نمائش کا باضابطہ آغاز ہالی وڈ ڈائریکٹر ویس اینڈرسن کی نئی فلم ”مون رائز کنگڈم “سے ہوا۔ تقریب میں فلم میں شامل فنکاروں نے بھی شرکت کی۔

فلم فیسٹول میں اس بار ٹریبیوٹ دیا ہے ہالی ووڈ بیوٹی مارلن منرو کو۔ جن کے پوسٹرنے فیسٹول میں جان ڈال دی۔ فیسٹول میں مارلن منرو پر بنائی گئی فلم” مائی ویک ود مارلن منرو“بھی شامل ہے۔

میلے میں دنیا کے چوٹی کے فلم ڈائریکٹر اپنی اپنی فلموں کے ساتھ جمع ہیں ۔ فیسٹول کے نمائشی پوسٹرکو سجایا گیا ہے مشہور زمانہ امریکی اداکارہ مارلن منروکی تصویر سے۔

ادھر فلمی دنیا کے بڑے بڑے ناموں سے سجی فلمیں مقابلے کی دوڑ میں شریک ایک دوسرے کو ’ٹف ٹائم ‘ دینے کے لئے تیار ہیں۔

”ٹوائلٹ“کے اداکاروں رابرٹ پیٹنسن اور کریسٹین اسٹیورٹ کی فلموں”کاسموپولیس“ اور آن دی روڈ“ کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔ دوسری جانب جان کیوسیک ، زیک ایفرن اور نکول کڈمین کی اسٹا ر کاسٹ فلم ” دی پیپر بوائے “تیار ہے ہالی وڈ کے میگا اسٹار براڈ پٹ کی فلم ”کلنگ دیم سافٹ لی“کا سامنا کرنے کو۔

اس بار پام ڈی اور جیوری کی قیادت اٹلی سے تعلق رکھنے والے نانی موریتی کر رہے ہیں جبکہ جیوری کے دیگر ارکان میں شامل ہیں برطانیہ کے ایون میک گریگر اور اینڈریا آرنلڈ۔ اداکارہ ڈیان کروگر اور فیشن ڈئیزائنر ژاں پال گیولیتر۔

کین لوایچ کی کامیڈی فلم ”دی اینجلز شیئر“بھی مقابلے کی دوڑ میں شامل ہے۔کین گیارہ مرتبہ کینز فیسٹول میں ایوارڈ کے لئے نامزد ہو چکے ہیں تاہم قسمت کی دیوی صرف ایک ہی بار ان پر مہربان ہوئی تھی جب انھوں نے دو ہزار چھ میں اپنی فلم” دی ونڈ دیٹ شیکس دی بارلے“پر ایوارڈ جیتا تھا۔

ماضی کے ایوارڈ ونرز مائیکل ہینکی اور یاک آیڈیئریڈ جو2009ء میں فلم” اے پروفٹ“کے لئے جیوریز گرینڈ پرائز جیت چکے ہیں ، وہ ایک با ر پھر ایوارڈ حاصل کرنے کے لئے پر امید ہیں۔

کینیڈا کے ڈیوڈ کروننبرگ اپنی فلم کاسموپولیس “کے ساتھ میدان میں ہیں تو ان کے بیٹے برینڈن بھی موجود ہیں نئے ٹیلنٹ کی کیٹیگری میں اپنے بنائی گئی فلم” اینٹی وائرل “ کے ساتھ۔

برطانوی خبر رساں ادارے کی جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق کینز فلمی میلے کی رونقیں اپنے عروج پر تو ہیں لیکن حسین اور دلکش چہروں اور گلیمر کی چکاچوند میں ڈوبا یہ میلہ بچ نہ پایا تنقید سے۔

چند معروف خواتین فلم سازوں نے فرانسیسی اخبار ’لی موند‘ کو ایک خط لکھاجس میں اس بات کی طرف اشارہ کیا گیا کہ خواتین کی بنائی ہوئی فلموں کو جان بوجھ کر شامل نہیں کیا گیا۔ میلے میں کوئی بھی ایسی فلم شامل نہیں کی گئی جو کسی خاتون کی تحریر کردہ کہانی پر مبنی ہو ۔نہ ہی کسی خاتون ہدایتکار کی فلم کو شامل کیا گیا ہے۔ایوارڈ کی دوڑ میں شامل بائیس کی بائیس فلمیں اتفاق سے مردوں کی تخلیق کردہ ہیں۔

XS
SM
MD
LG