رسائی کے لنکس

امریکہ: کرونا وائرس سے شدید متاثرہ ریاست واشنگٹن آفت زدہ قرار


صدر ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں کرونا وائرس پر کںٹرول کے لیے متاثرہ ریاستوں کی مدد کے منصوبے کا اعلان کر رہے ہیں۔ 22 مارچ 2020
صدر ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں کرونا وائرس پر کںٹرول کے لیے متاثرہ ریاستوں کی مدد کے منصوبے کا اعلان کر رہے ہیں۔ 22 مارچ 2020

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کرونا وائرس سے شدید متاثرہ ریاست واشنگٹن کو آفت زدہ قرار دینے کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد وفاقی حکومت اس مہلک وبا کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے ریاست، قبائل اور مقامی عہدے داروں کی معاونت کرے گی، جہاں درجنوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ قدرتی آفت زدہ یا تباہی کا شکار ریاست قرار دینے کے اعلان سے ایمرجنسی اور بحرانی صورتِ حال سے نمٹنے میں ریاست کو وفاقی مدد مل سکے گی۔

واشنگٹن کی گورنر جے انسلی نے صدر ٹرمپ کے اس اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے وفاقی حکومت کے اقدام کو مناسب قرار دیا ہے۔ لیکن ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ پہلا قدم ہے جو کافی نہیں ہے۔

گورنر جے انسلی کا کہنا تھا کہ ریاست نے وائرس کے حملے کا بری طرح شکار ہونے والے کارکنوں اور خاندانوں کے لیے وفاقی حکومت سے جتنی مدد کی اپیل کی تھی، یہ اتنی نہیں ہے۔

صحت کے عہدے داروں نے اتوار کے روز بتایا کہ ریاست واشنگٹن میں کرونا وائرس سے 95 ہلاکتیں ہو چکی ہیں اور تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد تقریباً دو ہزار ہے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے فیڈرل ایمرجنسی مینیجمنٹ ایجنسی سے کہا ہے کہ وہ کرونا وائرس کی وبا کا سب سے زیادہ ہدف بننے والی ریاستوں، واشنگٹن، کیلی فورنیا اور نیویارک میں موبائل اسپتال منتقل کرے تاکہ وہاں اس وبا کے مریضوں کا علاج معالجہ اور دیکھ بھال کی جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیویارک میں اس وبا میں مبتلا مریضوں کے لیے مزید ایک ہزار بستر فراہم کیے جائیں گے۔

صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں ایک نیوز کانفرنس میں یہ بھی بتایا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے کرونا وائرس کا سخت نشانہ بننے والی ریاستوں میں سانس کی بحالی اور دوسرے بہت سے آلات اور طبی ساز و سامان بھیجا گیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ریاستوں اور مقامی لیڈروں نے فیڈرل حکومت سے اس سلسلے میں مدد کی درخواست کی تھی۔

امریکی صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ اولین ذمہ داری ریاستوں کی ہے کہ وہ کرونا وائرس پر قابو پانے کے سلسلے میں ضروری سامان حاصل کرنے کی کوشش کریں، ہم ایک طرح سے ریاستوں کے بیک اپ کا کام کرتے ہیں۔

ٹرمپ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم نے ان تین ریاستوں کے گورنروں کو نیشنل گارڈز طلب کرنے اور مقامی کنٹرول میں رکھنے کا اختیار بھی دے دیا ہے۔

XS
SM
MD
LG