رسائی کے لنکس

کرونا وائرس: بالی وڈ کی وہ فلمیں جن کی ریلیز روک دی گئی


کرونا وائرس نے بالی وڈ انڈسٹری کو بھی بریک لگا دی ہے۔ موجودہ صورتِ حال کے پیشِ نظر متعدد فلموں کی ریلیز روک دی گئی ہے۔ اسٹوڈیوز ویران ہیں جب کہ بیشتر فن کار آئسو لیشن میں وقت گزار رہے ہیں۔

سال 2019 میں جہاں ایک درجن سے زائد فلمیں 100 کروڑ سے 300 کروڑ روپے تک کمانے والے کلب میں شامل رہیں۔ وہیں رواں سال کے ابتدائی دو ماہ میں ریلیز ہونے والی 40 فلموں میں سے صرف ایک فلم کامیاب ہوسکی ہے۔

یہ فلم ہے اجے دیوگن کی 'تاناجی' جس نے 250 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا جب کہ باقی فلمیں ایک دو ہفتوں سے زیادہ عوامی دلچسپی حاصل نہیں کر سکیں۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس وقت صورتِ حال یہ ہے کہ اسٹوڈیو ویران پڑے ہیں، شوٹنگز رکی ہوئی ہیں اور سنیما ہالز بھی لاک ڈاؤن کا شکار ہیں۔

13 مارچ کو عرفان خان، کرینہ کپور اور رادھیکا مدن کی فلم 'انگلش میڈیم' ریلیز ہوئی لیکن اتفاق سے یہ کرونا وائرس اور لاک ڈاؤن کا شکار ہونے والی پہلی فلم ثابت ہوئی۔

فلم نے پہلے ویک اینڈ پر صرف 10 کروڑ اور 16 مارچ تک 12 کروڑ روپے کا بزنس کیا جب کہ اس پر 40 کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے۔

ریلیز سے قبل 'انگلش میڈیم' کے خوب چرچے تھے، یہاں تک کہ فلمی دنیا سے وابستہ ترون آدرش جیسے کامیاب تجزیہ کار کو اس بات کی بڑی امید تھی کہ فلم ہٹ ثابت ہوگی۔

لیکن کرونا کے خوف نے لوگوں کو گھروں سے سنیما ہالز تک آنے ہی نہیں دیا۔

لوگوں کے گھروں تک محدود ہوجانے کا براہ راست اثر فلم کی کامیابی پر پڑا۔ 'انگلش میڈیم' اداکار عرفان خان کی پرانی فلم 'ہندی میڈیم' کا سیکوئل ہے جو سال 2017 کی کامیاب ترین فلموں میں اپنا نام درج کرانے میں کامیاب رہی تھی۔

بھارتی فلمی ادارے کے 'پی ایم جی میڈیا اینڈ انٹرٹینمنٹ' کی ایک رپورٹ کے مطابق 'انگلش میڈیم' کے ساتھ ساتھ فلم 'باغی 3' کو بھی کرونا وائرس اور لاک ڈاؤن سے شدید جھٹکا لگا ہے۔

'انگلش میڈیم' کے مقابلے میں ٹائیگر شروف اور شردھا کپور کی فلم 'باغی 3 ' چھ مارچ کو ریلیز ہوئی تھی جو اب تک 97 کروڑ روپے کما چکی ہے۔ اس کی وجہ یہ رہی کہ فلم سنیما ہالز کی بندش سے قبل ریلیز ہوئی تھی۔

البتہ فلم پنڈتوں کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں یہ ممکن نہیں کہ فلم سو کروڑ کلب میں شامل ہو سکے گی۔

موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے بھارتی فلمی اداروں اور پروڈیوسرز نے اپریل میں ریلیز کے لیے تیار فلموں کی ریلیز روک دی ہے۔

ان میں اکشے کمار اور کترینہ کیف کی اداکاری سے سجی اور روہت شیٹھی کی ہدایت میں بنی فلم 'سوریا ونشی' شامل ہیں۔

یش راج فلمز کی 'سندیپ اور پنکی'، سابق بھارتی کرکٹر کپل دیو کی زندگی پربننے والی فلم '83'، امیتابھ بچن اور ایوشمان کھرانا کی 'گلابو سیتابو'، ابھیشیک بچن کی 'لڈو' اور سری دیوی کی بیٹی جہانوی کپور کی فلم 'گنجن سکسینہ - دی کارگل گرل' بھی اپریل میں ریلیز کے لیے تیار تھیں۔

XS
SM
MD
LG