بھارتی سینما کے بڑے اداکار امیتابھ بچن کو بھارتی سینما کے سب سے بڑے اعزاز دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ بھارتی صدر رام ناتھ کوئند نے اتوار کو راشٹرپتی بھون یعنی ایوان صدر میں انھیں یہ ایوارڈ دیا۔
امیتابھ بچن نے ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد اپنے بلاگ میں لکھا کہ انھیں اپنے کام کا اعتراف کیے جانے پر فخر ہے، اپنے پیشے کے اعتراف پر فخر ہے، اپنے ملک اور فلمی صنعت پر فخر ہے۔
انھوں نے ایوارڈ کے لیے نامزد کرنے پر حکومت، وزارت اطلاعات و نشریات اور نیشنل فلم اکیڈمی کی جیوری کا شکریہ ادا کیا۔
انھوں نے لکھا کہ جب ایوارڈ کے لیے میرے نام کا اعلان کیا گیا تو میرے ذہن میں شک پیدا ہوا کہ کیا یہ ایک اشارہ ہے کہ اب میں گھر بیٹھ جاؤں کیونکہ بہت سال کام کرچکا۔ ابھی کچھ کام باقی ہے جو میں مکمل کرنا چاہتا ہوں اور کچھ مزید کام ملنے کا امکان بھی ہے۔ میں بس اس کی وضاحت چاہتا تھا۔
بعد میں امیتابھ کے فلمسٹار بیٹے ابھیشک بچن نے انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ اپنے والدین کے ساتھ جہاز میں بیٹھے ہیں۔ امیتابھ بچن نے گلے میں تمغا پہنا ہوا ہے۔
ایک اور تصویر کے ساتھ ابھیشک نے لکھا، میرے ہیرو، پاپا کو دادا صاحب پھالکے ایوارڈ کے لیے مبارکباد۔ ہمیں آپ پر بہت، بہت فخر ہے۔ آپ کے لیے محبتیں۔
دادا صاحب پھالکے ایوارڈ کا آغاز 1969 میں یعنی اسی سال کیا گیا تھا، جب امیتابھ بچن کی پہلی فلم سات ہندوستانی ریلیز ہوئی تھی۔ امیتابھ یہ ایوارڈ حاصل کرنے والے 51ویں شخص ہیں۔ گزشتہ سال ونود کھنہ کو بعد از مرگ یہ ایوارڈ دیا گیا تھا۔