رسائی کے لنکس

نئی بالی ووڈ فلم ”فراری کی سواری ‘ ریلیز ہوگئی


فلم کے ایک سین میں دنیا کی مہنگی ترین کاروں میں سے ایک ’ فراری‘ کو بیل گاڑی سے کھینچتے ہوئے دکھایا گیا ہے

نئی بالی ووڈ فلم ”فراری کی سواری “جمعہ کوریلیز ہوگئی۔ فلم کا نام پہلی نظر میں فلم کے مزاحیہ ہونے کا تاثر دیتا ہے لیکن فلم میں زندگی کے سنجیدے مسائل کو جس خوب صورتی سے بیان کیا گیا ہے اس سے ناظرین کا دل پسیج جاتا ہے۔بھارت اور پاکستان کے متوسط طبقے میں ایسی ڈھیروں کہانیاں بکھیری پڑی ہیں۔

”فراری کی سواری“ اس چھوٹے سے گھر کی چاردیواری میں رہنے والی تین نسلوں کے گرد گھومتی ہے جن کا آپس میں باپ بیٹے اور دادا کارشتہ ہے۔ روسی (شرمن جوشی ) ایک ادھیڑ عمر کا شخص ہے جس کا ایک بیٹا ،کے یو(کریتوک سہارے) ہے ۔

اسی گھر میں اس کے والد موٹا پاپا(بومن ایرانی)بھی رہتے ہیں جو رشتے میں کے یو کے دادا ہیں۔وہ گھر میں ہونے والی ہر چھوٹی بڑی سرگرمی سے واقف رہنا چاہتے ہیں ۔ جوانی میں وہ بھی کرکٹر تھے اور کالج کی سطح کے بہت سے ٹورنامنٹ میں حصہ بھی لے چکے تھے مگرجب قومی سطح پر سلیکشن کی باری آئی تو ایک دوست کی سازش کے سبب وہ سلیکشن سے رہ گئے ۔ تبھی سے انہیں کرکٹ سے چڑہے۔

موٹا پاپا کا بیٹا یعنی روسی بھی کرکٹر بننا چاہتا تھا مگر موٹاپاپا نے اسے اپنی مرضی کے خلاف نہیں جانے دیالیکن اب پوتے کی باری تھی ۔ پوتے نے کرکٹر بننے کی ضد پکڑ لی تھی۔ اس دوران کے یوکوبیرون ملک ٹریننگ کے لئے ڈیڑھ لاکھ روپے کی ضرورت پڑجاتی ہے۔

متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے اس گھرانے کے لئے اتنی بڑی رقم کا انتظام کرپانا مشکل ہوجاتا ہے ۔ بیٹے کے مستقبل کے لئے روسی کو اپنی ایمانداری طاق میں رکھ کر فراری کارچوری کرنا پڑتی ہے اور یہی سے کہانی ایک نیاموڑ لے لیتی ہے۔

فلم کے ایک سین میں دنیا کی مہنگی ترین کاروں میں سے ایک ’ فراری‘ کو بیل گاڑی سے کھینچتے ہوئے دکھایا گیا ہے ۔ اس سین کو دیکھ کر ناظرین تو بے شک لطف اندوز ہوئے ہوں گے لیکن فراری کار بنانے والی کمپنی اس سین سے ناخوش ہے ۔

فلم کے نمایاں فنکاروں میں شامل ہیں شرمن جوشی، بومن ایرانی اورودیابالن ۔ مگر بطور مہمان اداکارہ۔ فلم میں ان پر ایک آئٹم سانگ پکچرائز کیا گیا ہے۔ فلم کے ڈائریکٹر ہیں رویش ماپوسکر جبکہ پروڈیوسرہیں وندو نود چوپڑا ۔ فلم کی موسیقی ترتیب دی ہے پریتم چکرورتی نے۔

XS
SM
MD
LG