رسائی کے لنکس

بالی ووڈ فنکاروں کے اصل، دلچسپ اور غیر فلمی نام


بھارتی نژاد کینیڈین اداکارہ سنی لیون کا اصل نام کیا ہے، اس موضوع پر بھارت میں اچھا خاصا تنازع کھڑا ہوچکا ہے۔ سنی لیون ’بالغ ‘ فلموں کی اداکارہ ہیں مگر کچھ عرصے سے بھارت آ جارہی ہیں۔

اس عرصے میں ان کےبارے میں جو کچھ وہاں کے مقامی پریس میں چھپا اور الیکٹرانک میڈیا پر دکھایا گیا وہ بھلے ہی کچھ لوگوں کے لئے’ اچھا ‘نہ ہولیکن سنی لیون کے لئے یہ راتوں رات شہرت کی تیز رفتار سیڑھی بن گیا۔ یہی وجہ ہے کہ آج ہر کوئی سنی لیون کو اچھی طرح جانتا ہے۔

لیکن سنی لیون کا اصل نام کچھ اور ہے۔ پہلے یہ کہا گیا کہ ان کا اصل نام کرن ملتوترا ہے لیکن اب یہ انکشاف ہوا ہے کہ ان کا اصل نام” کرن جیت کور وہرہ“ ہے۔ کچھ حلقوں نے ثبوت کے طور پر سنی کے پاسپورٹ کی فوٹو کاپی بھی پیش کی ہے جس میں ان کی تصویر اور اصل نام ”کرن جیت سنگھ وہرہ“ لکھا ہوا ہے۔

اگر یہ کہا جائے کہ کیا آپ” سری اماں ینگر۔۔ عبدالرشید سلیم خان۔۔پارتھا سارتھی۔۔راجیوہری اوم بھاٹیا۔۔شیواجی راوٴ گائیک وارڈ۔۔اور’ انقلاب‘کو جانتے ہیں تو آپ کا جواب یقینا نفی میں ہوگا لیکن اگر ہم کہیں کہ یہ نام ”سری دیوی، سلمان خان، کمل حسن، اکشے کمار، رجنی کانت“ اور ۔۔”امتیابھ بچن“ کے اصل نام ہیں تو یقینا آپ کو جھٹکا ضرور لگے گا۔

آئندہ اس جھٹکے سے بچنے کے لئے ہی بھارتی میڈیا میں مختلف فنکاروں کے اصل نام ظاہر کئے ہیں ۔درحقیقت بڑی بڑی فنکاراوٴں اور اداکاروں کے فلمی نام کچھ اورہیں جبکہ اصل نام کچھ اور۔ مثلاً :

دائیں گال پر ڈمپل رکھنے والی بالی ووڈ کی امیرترین اداکارہ پریتی زنٹا ۔۔اپنا اصل نام شاذونادر ظاہر کرتی ہیں اسی لئے بہت ہی کم لوگ ان کے اصل نام سے واقف ہیں ۔ ان کا اصل نام ہی’ پریتم زنٹا سنگھ‘

کترینا کیف ۔۔ہر کوئی ان سے واقف ہے ۔۔اور ہوبھی کیوں نہ ۔۔کہ یہ اس وقت کی بڑی اداکاراوٴں میں سے ایک ہیں مگر ان کا اصل نام ہے : کیٹ ٹرکوٹے ۔

اسی طرح سری دیوی کا اصل نام ”سری اماں ینگر“ اور ملیکہ شراوت کا اصل نام ”ریما لامبا “ہے۔ سلمان خان کا پیدائشی اور مکمل ”نام عبدالرشید سلیم سلمان خان “ ہے۔رجنی کانت کا نام ”شیواجی راوٴ گائیک وارڈ“ ہے۔ ماہیما چوہدری فلموں میں آنے سے پہلے ”رتو چوہدری“ ہوا کرتی تھیں جبکہ کمل حسن کا اصل نام ”پارتھا سارتھی“ہے۔ جان ابراہم اصل میں ہیں ”فرحان ابراہم “ اور آج کے ہردلعزیز ہیرو اکشے کمار کا نام ہے ”راجیو ہری اوم بھاٹیا“

گووندا کا اصل نام بھی سنتے جایئے ”گووند ارن آہوجہ“۔ بوبی دیول کا ’سرکاری ‘ نام ہے ”وجے سنگھ دیول“۔ بالکل اسی طرح اجے دیوگن ہیں ” وشال دیوگن“ جبکہ باضی کے کچھ فنکاروں کی بات کریں تو ریکھا کا اصل نام ہے بھانو ریکھا گنیشم، جیتیندر کا اصل نام ہے ”روی کپور “ اور جانی لیور اصل میں ہیں ”جان پرکاش راوٴ جانومالا “

بہت ہی کم لوگوں کو شاید یہ بات بھی پتہ ہو کہ امیتابھ کے بچن کا نام ”انقلاب “ تھا جو ،ان کے والد ہری ونش رائے بچن نے آزادی ہند کے وقت مشہور ہونے والے نعرے ”انقلاب زندہ باد“ سے متاثر ہوکر رکھا تھا تاہم بعد میں اس نام کو ”امیتابھ“ سے تبدیل کردیا گیاجس کے معنی ہیں”ایسی روشنی جو کبھی ماند نہ پڑے“

XS
SM
MD
LG