رسائی کے لنکس

میرا کی محبت کا مارا ایک بچارا: انصاف کے لئے پریس کلب پہنچ گیا


میرا کی محبت کا مارا ایک بچارا: انصاف کے لئے پریس کلب پہنچ گیا
میرا کی محبت کا مارا ایک بچارا: انصاف کے لئے پریس کلب پہنچ گیا

نجیب صوبہ بلوچستان کا شہری ہے مگر ان دنوں کراچی آیا ہوا ہے۔ اداکارہ میرا کی محبت کا دم بھرنے والے اس نوجوان نے کراچی پریس کلب میں باقاعدہ پریس کا نفرنس میں کہا ہے کہ اس کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے ، وہ جیو ٹی وی کے رئیلٹی شو "کون بنے گا میرا پتی" میں شرکت کی غر ض سے کراچی آیا تھا مگر یہاں اسے نئے مسائل نے گھیرلیا ہے۔

آف وائٹ شلوار قمیص میں ملبوس اور سر پر سرخ رنگ کی بلوچی ٹوپی پہننے والے 25سالہ نجیب بلوچ کا کہنا ہے " مجھے رئیلٹی شو میں منتخب کئے جانے پر بہت خوشی ہوئی تھی کیوں کہ میں واقعی میرا سے بہت محبت کرتا ہوں۔ 4مئی کو مجھے ایک گھر میں تین ماہ تک رہنے کے لئے کہا گیا ۔ میرے علاوہ پاکستان بھر کے13 دیگر نوجوانوں کو بھی منتخب کیا گیا تھا ، انہیں بھی اسی گھر میں ٹھہرایا گیا ۔ 19مئی کو پروگرام "کون بنے گا میرا پتی" شروع ہوا ۔ ہم تمام نوجوانوں کو مختلف کام کرنے کے لئے دیئے گئے جبکہ ہر ہفتے ہم میں سے ایک لڑکے کو پروگرام کو الواع کہنا پڑتا تھا۔ مجھے جو کام سونپا گیا تھا وہ میں نے پوری لگن اور ایمانداری سے کیا کیوں کہ میں واقعی میرا سے شادی کا خواہشمند ہوں"

نجیب بلوچ کا کہنا ہے کہ جس لڑکے نے پہلا مقابلہ جیتا اسے میرا کے ساتھ ڈنر پر بھیج دیا گیا جبکہ مجھ سے اسٹائل اور گرومنگ کے لئے کہاگیا ۔نجیب نے دعویٰ کیا کہ وہ گروپ میں سب سے زیادہ پڑھا لکھا ہے لیکن مجھے کیمرے پر مناسب وقت نہیں دیا گیا جبکہ مجھے ڈرایا دھمکایا بھی گیا ۔ تنگ آکر میں نے پروگرام سے ازخود نکلنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔لیکن اس کے باوجود میں مایوس نہیں ہوں کیوں کہ جہاں محبت سچی ہوتی ہے وہاں پیار کے دشمن بھی ہوتے ہیں۔ میں سب کچھ میرا پر قربان کرتا ہوں۔

نجیب نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ میرا اس میں دلچسپی لینے لگی ہیں۔ جب نجیب سے پوچھا گیا کہ اسے اس بات کا علم کیسے ہوا تو اس کا کہنا تھا کہ اسے میرا کی آنکھوں سے لگتا تھا کہ وہ اس سے ملنے کے لئے بے چین ہیں ۔

نجیب کا کہنا تھا کہ جب میرا نے لوگوں سے یہ پوچھا کہ کون سا امیدوار ان سے مخلص ہے اور زیادہ محبت کرتا ہے تو لوگوں نے یک زبان ہوکرمیرا نام لیا۔ لوگوں نے میرا کو یقین دلایا کہ میں ان سے سچی محبت کرتا ہوں لیکن پروڈیوسر کویہ بات اچھی نہیں لگی اور اس نے مجھے کسی طرح بھی پروگرام سے باہر کرنے کی ٹھان لی۔

نجیب نے بتایا کہ پروڈیوسر کا کہنا تھا کہ اگر نجیب کو پروگرام سے نکال دیا جائے تو پروگرام مزید ہٹ ہوسکتا ہے۔ اس کا کہنا تھا کہ پروڈیوسرمیر اسے اس کی دیوانگی محبت دیکھ کر برہم تھا، اس کا کہنا تھا کہ تم امیتابھ بچن نہیں ہو ، ایک عام سے ایکٹر ہو۔ اس پر نجیب کی پروڈیوسر سے تلخ کلامی بھی ہوئی۔ نجیب کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے کہ پروڈیوسر مجھے نکالتا میں نے ازخود پروگرام چھوڑ دیا۔

نجیب نے پریس کانفرنس کے اختتام پر واشگاف الفاظ میں بہت جوش کے ساتھ میرا سے محبت کا اقرار کیا اور میرا سے شادی کرنے کا عزم دہرایا۔

XS
SM
MD
LG