رسائی کے لنکس

ریکارڈ کامیابی کی توقع، نئی پاکستانی فلم ریلیز کیلئے تیار


اسے انتہائی جدید کیمروں سے تیار کیا گیا ہے۔ فلم کی ٹیکنکس نئی ہیں جن پر شاید پاکستان میں اب تک کام نہیں ہوا تھا۔ فلم کی پوری ٹیم پروفیشنل ہے۔ پوسٹ پروڈکشن کا سارا کام بھارت میں مکمل ہوا

آئندہ جمعے کو نئی ریلیز ہونے والی فلموں کے جھرمٹ میں ایک پاکستانی فلم بھی سنیما اسکرینز پر اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ روشن ہوگی۔ فلم کا نام ہے’دی سسٹم‘ ہے، جس پر تین ملکوں میں کام ہوا ہے۔ دو ممالک۔۔ ناروے اور پاکستان میں اس کی پکچرائزیشن ہوئی، جبکہ ٹیکنکس کے لئے بھارتی سروسز حاصل کی گئی ہیں۔

فلم کے ڈائریکٹر شہزاد غفور نے پچھلے دنوں ’دی سسٹم‘ کے حوالے سے بہت سی خاص باتیں میڈیا سے شیئر کیں۔ ان کا کہنا ہے کہ فلم کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ اسے تمام روایتی کیمروں کے بجائے انتہائی جدید کیمروں پر تیار کیا گیا ہے۔ فلم کی ٹیکنکس نئی ہیں جن پر شاید پاکستان میں اب تک کام نہیں ہوا تھا۔ فلم کی پوری ٹیم پروفیشنل ہے۔ ہم نے پوسٹ پروڈکشن کا سارا کام بھارت میں مکمل کرایا ہے، کیوں کہ یہ سہولیات کم خرچ پر ہمیں وہیں سے مل سکتی تھیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہوں نے فلم کی موسیقی بھی بھارت میں ہی تیار کرائی ہے جبکہ بیک گراوٴنڈ میوزک بھی انڈیا میں ہی ریکارڈ کیا گیا ہے۔ کوریوگرافر بھی بھارتی ہیں۔ ان سب کاموں پر خطیر رقم خرچ ہوئی ہے۔ لیکن، ہماری کوشش یہی ہے کہ فلم لورز کو ایک بہتر اور با مقصد فلم دے سکیں۔

جمعہ 30مئی کو ملک بھر میں ریلیز ہونے والی ’دی سسٹم‘ میں جگہ جگہ پھیلے کرپشن کو اور اس سے متاثر ہونے والے متوسط طبقے کو موضوع بنایا گیا ہے۔ فلم کا بڑا حصہ لاہور میں پکچرائز ہواہے تاکہ اسکرین پلے کو حقیقی رنگ دیا جاسکے۔
ٰٰ
فلم کی کاسٹ میں شامل ہیں شہراز، ندیم بیگ، کشف علی، شفقت چیمہ، عرفان کھوسٹ، اعجاز نیر، رابعہ تبسم، سلیم شاہ، صائمہ سلیم، مریم علی حسین اور سائرہ۔

فلم کا ٹیزر اور میوزک رواں ماہ ہی ریلیز ہوا ہے۔ ٹیزر کو ایک نظر دیکھ کریوں لگتا ہے کہ شاید یہ کوئی بھارتی فلم ہے جس کے ہیرو سلمان خان ہیں۔پھر جب آپ ’دی سسٹم‘ کی ٹیگ لائن ’میرا ایک اصول ہے کہ میرا کوئی اصول نہیں‘۔۔فلم میں دیکھیں گے تو یہ احساس اور زیادہ بڑھ جائے گا۔۔کیوں کہ سلمان خان کی فلم ’باڈی گارڈ‘ میں بولا گیا ڈائیلاگ ’مجھ پر ایک احسان کرنا کہ مجھ پر کوئی احسان نہ کرنا‘ بہت مشہور ہوا تھا۔

فلم کے تین گانوں کے بارے میں اشارے مل رہے ہیں کہ میوزک ہٹ ہے۔اس میوزک کو سیلیش سوورنا نے کمپوز کیا ہے جبکہ گیت لکھے ہیں عرفان صدیقی اور موہت پاٹھک نے۔ پاکستان اور بھارت کے کئی مشہور سنگرز نے ان گیتوں کو گایا ہے ۔ان میں جاوید علی، کومل رضوی، پلک مچل، موہت پاٹھک اور کرشنا شامل ہیں۔

فلم سے بڑی حد تک اور بہت ساری توقعات وابستہ ہیں۔ فلم کی قسمت کا فیصلہ اس جمعہ کو ہوجائے گا ۔۔۔جو کچھ بھی ہوسکتا ہے۔ تاہم، اتنا ضرور ہے کہ اس فلم کی بدولت شیراز کی شکل میں پاکستان کے ایکشن ہیروز میں ایک نیا اضافہ ہوگیا ہے۔
XS
SM
MD
LG