رسائی کے لنکس

وینا ملک: آئٹم سانگز کی ناکامی کے بعد نئی فلموں سے امیدیں


ہالی ووڈ فلم” اوتار“ کے سپر ہٹ ہوتے ہی بھارت میں بھی تھری ڈی فلموں کی ریس سی لگ گئی ہے۔ اس ریس کو دیکھتے ہوئے لگتا ہے کہ آنے والے برسوں میں تھری ڈی ٹیکنالوجی والی فلمیں ہی دیکھی جائیں گی۔ ان فلموں نے ابھی سے اپنی ایک الگ پہچان بنا لی ہے جس کا ایک ثبوت آنے والی فلم” ممبئی ون ٹو فائیو کلومیٹرز “ بھی ہے۔

اس فلم کو یوں بھی ابھی سے خبروں میں جگہ مل رہی ہے کہ یہ وینا ملک کی پہلی تھری ڈی مووی ہوگی۔ وینا کا نام سنتے ہیں ان کے فینز نے امیدیں لگالی ہیں کہ وہ بہت جلد وینا کو’ تھری ڈی اسٹائل ‘میں دیکھ سکیں گے۔ یہ فلم تھری ڈی ہونے کے ساتھ ساتھ ہورر فلم بھی ہے ۔

ان دنوں اس فلم کی شوٹنگ جنوبی بھارت کے اندھیرے جنگلوں میں ہورہی ہے۔ اندھیرے اس معنی میں کہ یہ اس قدر گھنے جنگلات ہیں کہ یہاں سورج کی روشنی بھی زمین تک کم کم ہی پہنچ پاتی ہے۔

کترینا کیف، بپاشا باسو اور دپیکا پڈکون کے مارکیٹ میں ہوتے ہوئے بھی ڈائریکٹر نے وینا کو ہی فلم کی کاسٹ میں کیوں لیا ، اس حوالے سے ڈائریکٹر ہمنت مدھوکر کا کہنا ہے کہ ایک تو وینا کی ڈیمانڈ ان دنوں زیادہ ہے، دوسرا یہ کہ وینا نے ان سے وعدہ کیا ہے کہ وہ اس فلم میں اپنا بیسٹ سین دیں گی۔ یہ بیسٹ سین کس طرح کا ہوگا ۔۔۔بس یہی تجسس فلم بینوں کو ابھی سے فلم ”ممبئی ون ٹو فائیو کلومیٹرز“ کی راہ دکھانے لگا ہے۔

عجب اتفاق ہے کہ” تنازعات کی ملکہ“ کہی جانے والی ویناملک اپنی حالیہ ریلیز فلم ”گلی گلی میں چورہے“کے ایک آئٹم سانگ کے لئے بھی کچھ اس قسم کے دعوے کرچکی تھیں کہ ان کا آئٹم سانگ ودیا بالن ، پریانکا چوپڑا، ملیکہ شراوعات اور ملائیکہ خان اروڑہ عرف منی کے گانوں کو بھی پیچھے چھوڑ جائے گا مگر افسوس ۔۔۔ان کا یہ دعویٰ ثابت نہ ہوسکا۔ یہی حال ان کی دوسری فلم ”تیرے نال لوہوگیا“ کے آئٹم سانگ کے ساتھ ہوا۔ یہ گانا بھی ان کے لئے ”جلا ہوا کارتوس“ ثابت ہوا۔

چلتے چلتے یہ بھی سنتے جائیں کہ فلم ” ممبئی ون ٹو فائیو کلومیٹرز “کے علاوہ ان کی بطور ہیروئن ایک اور فلم ”دال میں کچھ کالا ہے“ بھی اسی سال ریلیز ہوگی ۔ سننے میں آیا ہے کہ یہ فلم بھی بی اور سی گیٹیگری کی ہے۔

XS
SM
MD
LG