امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر میامی میں نیم تباہ حال عمارت کو دھماکہ خیز مواد سے زمیں بوس کر دیا گیا ہے۔ حکام کی جانب سے عمارت کو کلیئر قرار دینے کے بعد اتوار کی شب گئے چیمپلین ٹاور نامی عمارت کو دھماکے سے تباہ کیا گیا۔ اس منظر کو دیکھنے کے لیے متعدد افراد موقع پر موجود تھے اور وہ عمارت کو گرتے وقت کے مناظر کو اپنے موبائل کیمروں میں محفوظ کرتے رہے۔ بارہ منزلہ عمارت کا ایک حصہ 24 جون کو گر گیا تھا جس کے نتیجے میں 24 افراد ہلاک اور 121 لاپتا ہو گئے تھے۔ فلوریڈا میں منگل کو ایلسا نامی سمندری طوفان کی آمد کی پیش گوئی ہے جس کے پیشِ نظر حکام نے عمارت کے بقیہ حصے کو بھی گرانے کا فیصلہ کیا۔ عمارت کے بقیہ حصے کو گرانے سے قبل میامی کی ڈیڈ کاؤنٹی کی میئر ڈینیلا لیون کاوا نے مقامی شہریوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ اپنے گھروں کے دروازے اور کھڑکیاں اس وقت تک بند رکھیں جب تک عمارت کو مکمل طور پر ڈھا نہیں دیا جاتا۔