رسائی کے لنکس

ہالی وڈ کے اسکرپٹ رائٹرز کی ہڑتال؛ ایمی ایوارڈز کے ملتوی ہونے کی اطلاعات


ہالی وڈ میں ٹیلی ویژن کی دنیا کے سب سے معتبر ایوارڈز 'ایمی' امریکہ کی فلم اور ٹیلی ویژن انڈسٹری کے اداکار اور اسکرپٹس رائٹرز کی ہڑتال کی وجہ سے ملتوی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

امریکی نشریاتی اداروں کی رپورٹس کے مطابق رواں برس ستمبر میں شیڈول ایمی ایوارڈز کو ملتوی کر کے آئندہ برس جنوری میں آن ائیر کرنے کی اطلاعات ہیں۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق ایمی ایوارڈز کی تقریب 18 ستمبر 2023 کو نشر ہونا تھی لیکن لاس اینجلس ٹائمز نے رپورٹ کیا ہے کہ یہ تقریب جنوری میں بھی اس صورت میں ہو گی جب تک اسٹوڈیوز اور گلڈز کے درمیان تنازعات حل نہیں ہو جاتے۔

یاد رہے کہ امریکہ کی فلم اور ٹیلی ویژن انڈسٹری کے اسکرپٹس رائٹرز کی نمائندگی کرنے والی یونین نے نئے لیبر کنٹریکٹ پر اسٹوڈیوز اور پروڈکشن کمپنیوں کے ساتھ معاہدہ کرنے میں ناکامی کے بعد رواں ماہ کے آغاز میں ہڑتال شروع کی تھی۔

امریکی اسکرین رائٹرز گلڈ کا مطالبہ ہے کہ کام کرنے کے حالات میں بہتری اور اسٹریمنگ سروس کے منافع میں منصفانہ حصہ دیا جائے اور اس بات کی ضمانت دی جائے کہ اداکاروں کی جگہ آرٹیفیشل انٹیلی جینس کا استعمال نہیں کیا جائے گا۔

حال ہی میں 12 جولائی کو ایمی ایوارڈز کے لیے نامزدگیوں کا اعلان بھی ہوا تھا۔

امریکی جریدے 'ورائٹی' نے جمعرات کو رپورٹ کیا تھا کہ ایمی ایوارڈز کے وینڈرز کو تاریخ میں آنے والی تبدیلی سے متعلق مطلع کر دیا گیا ہے۔

البتہ ایمی کے نشریاتی پارٹنر اور کمرشل براڈکاسٹر ٹیلی ویژن نیٹ ورک 'فاکس' نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا جب کہ ٹیلی ویژن اکیڈمی نے فوری طور پر 'رائٹرز' کو جواب نہیں دیا۔

اس خبر میں شامل بعض معلومات خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG