فرانس کے دارالحکومت پیرس کا تاریخی گرجا گھر نوٹرے ڈیم ساڑھے پانچ سال بعد آج باضابطہ طور پر دوبارہ کھل گیا ہے۔ 2019 میں اس قدیم عمارت میں آگ لگی تھی جس سے اس کی چھت اورعمارت کے کچھ حصے تباہ ہو گئے تھے۔ 861 سالہ پرانے اس چرچ کی تعمیرِ نو کے لیے دہائیوں کا وقت لگنے کی پیش گوئی کی گئی تھی۔ لیکن اسے پانچ سال کے اندر بحال کرکے دوبارہ کھولا گیا ہے۔ اس کی تعمیر نو پر لگ بھگ 75 کروڑ ڈالر کی لاگت آئی ہے جو عطیات سے حاصل کی گئی ہے۔ نوٹرے ڈیم کیتھڈرل کی بحالی کے بعد دوبارہ کھولنے کے اس موقع کو یادگار بنانے کے لیے مختلف ممالک کے سربراہ، معززین اور مذہبی شخصیات شرکت کریں گے۔ خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ، امریکہ کی خاتونِ اول جل بائیڈن، برطانوی شہزادے ولیم اور یوکرین کے صدر ولودیمر زیلنسکی گرجا گھر کی بحالی کی تقریب میں شرکت کرنے والے 1500 مہمانوں میں شامل ہوں گے۔