رسائی کے لنکس

امریکیوں کا جارج فلائیڈ کو خراجِ عقیدت

امریکہ کی ریاست منی سوٹا کے شہر منی ایپلس کے ایک سابق پولیس اہلکار ڈیرک شاوین کو سیاہ فام امریکی شہری جارج فلائیڈ کے قتل کا مجرم قرار دے دیا گیا ہے۔ جیوری کے فیصلے کے بعد سابق پولیس افسر کو ہتھکڑی لگا کر جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ بارہ افراد پر مشتمل جیوری نے تین ہفتے سے جاری اس مقدمے کے فیصلے کے لیے دو دن تک غور و خوض کیا۔ جیوری کے اراکین میں چھ سفید فام اور چھ سیاہ فام امریکی جج شامل تھے۔ فیصلے کے بعد امریکہ کی مختلف ریاستوں میں شہریوں نے سڑکوں پر نکل کر فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے انصاف کے حق میں نعرے بازی کی اور جارج فلائیڈ کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ لوگوں نے جارج فلائیڈ کی آخری آرام گاہ پر پھول بھی چڑھائے۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس 25 مئی کو جارج فلائیڈ اس وقت ہلاک ہوئے تھے جب پولیس اہل کار ڈیرک شاوین نے ان کی گردن پر نو منٹ تک گھٹنا رکھا تھا۔ اس واقعے کی ویڈیو اردگرد کھڑے شہریوں نے بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دی تھی جس کے بعد امریکہ کے کئی شہروں اور دنیا کے مختلف ملکوں میں نسل پرستی کے خلاف مظاہرے شروع ہو گئے تھے۔


XS
SM
MD
LG