بھارت کی پنجابی فلم انڈسٹری کے معروف گلوگار، اداکار، ہدایت کار اور پروڈیوسر گپی گریوال آج کل پاکستان کے دورے پر ہیں۔ وہ وزیرِ اعظم عمران خان کے مشیر زلفی بخاری کی دعوت پر پاکستان پہنچے ہیں۔
وہ واہگہ بارڈر کے ذریعے منگل کو لاہور پہنچے جہاں سے وہ ننکانہ صاحب حاضری کے لیے گئے۔ ان کے ساتھ ان کے بڑے بھائی سپی گریوال اور تین اور دوست بھی پاکستان آئے ہیں۔
بابا گرونانک صاحب کے ہاں ماتھا ٹیکتے ہوئے گپی آبدیدہ ہو گئے اور کہا کہ آج ان کی دیرینہ خواہش پوری ہوئی ہے۔
ننکانہ صاحب کے ساتھ ساتھ وہ حسن ابدال پنجہ صاحب کی زیارت کے لیے بھی گئے، جس کے بعد فیصل آباد کے قریب واقع اپنے آبائی گاؤں، چک سینتالیس منصورہ گئے جہاں لوگوں نے پھولوں اور پتیوں سے ان کا پرجوش استقبال کیا۔
گپی نے اپنے باپ دادا کے ہم عصر بزرگ محمد انور صاحب کے ساتھ بیتے دنوں کو یاد کیا اور اپنے باپ دادا کی زندگی کے قصے سنے۔ گپی کے دادا تقسیم سے قبل اس گاؤں کے نمبردار ہوا کرتے تھے۔
اگرچہ آنے سے پہلے گپی نے میڈیا سے یہ بات پوشیدہ رکھی تھی۔ لیکن، پاکستان پہنچتے ہی ان کی ٹوئٹس سے لوگوں کو پتا چلنا شروع ہوگیا اور پاکستان اور بھارت دونوں جگہوں سے ان کو پیغامات کا نہ تھمنے والا سلسلہ شروع ہو گیا۔
گپی کہتے ہیں کہ "بھارت سے سینکڑوں پنجابی فنکاروں نے پیغامات بھیجے کہ انہیں کیوں ساتھ لے کر نہیں آیا۔"
اپنے ایک ویڈیو پیغام میں گپی نے کہا کہ ’’میں شاید ہی کبھی پاکستان کے لوگوں کی محبت اور میزبانی کو بھول پاؤں‘‘۔
انہوں نے کہا کہ ’’لوگ چاہے یہاں کے ہوں یا وہاں کے، رگوں میں ایک ہی خون دوڑتا ہے۔ لہذا، ہمیں اختلافات بھلا کر بھائی چارہ بڑھانے کی ضرورت ہے‘‘۔
انہوں نے کہا کہ ’’میں بہت سے ملکوں میں گیا ہوں اور اپنے پنجابی بہن بھائیوں سے بھی ملا ہوں۔ لیکن، پاکستان کی بات ہی کچھ اور ہے‘‘۔
ٹویٹر پر پاکستانی عوام کے ساتھ ساتھ فنکاروں نے بھی ان کو خوش آمدید کہا۔
اداکارہ مہوش حیات نے ٹویٹ کیا اور ان کا خیر مقدم کرتے ہوئے شکریہ بھی ادا کیا کہ گپی نے فلم ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ میں ان کی اداکاری کو سراہتے ہوئےمہوش کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔
گپی کے گیتوں میں، انگریزی بیٹ اور پھلکاری بہت معروف ہوئے اور ان کی پنجابی فلموں میں ’کیری آن جٹا‘، ’پا جی ان پرابلم‘، ’میل کرا دے ربا‘، ’لکی کی ان لکی اسٹوری‘ اور ’جٹ جیمز بانڈ‘ معروف ہیں۔
ان کی نئی فلم ’اک ہوندا سندھو سی‘ اٹھائیس فروری کو ریلیز ہو رہی ہے۔