رسائی کے لنکس

گلوبل ٹیچر ایوارڈ جیتنے والی استانی نے ایک ملین ڈالر کا انعام عطیہ کر دیا


نینسی نے اپنا ایواڈ وصول کرتے ہوئے ایک جذباتی تقریر کے دوران اس وقت سب کو حیران کر دیا جب انھوں نے کہا کہ انعام کی خطیر رقم کو وہ اپنے قائم کردہ ٹیچنگ اینڈ لرننگ مرکز میں عطیہ کر دینا چاہتی ہیں۔

تعلیمی میدان میں اساتذہ کی خدمات کے اعتراف میں دیا جانے والا پہلا نوبل طرز کا عالمی ایوارڈ امریکی استانی نینسی ایٹ ویل نے جیت لیا ہے۔

پہلا عالمی ٹیچر ایوارڈ جیتنے والی غیر معمولی خاتون نینسی ایٹ ویل اپنے منفرد اعزاز کے ساتھ ناصرف دنیا کی نظروں میں قابل تحسین قرار پائی ہیں بلکہ انھوں نے اپنا لاکھوں ڈالر کا انعام اسکول کو عطیہ میں دے کر دنیا کے سامنے ایک انوکھی مثال بھی قائم کر دی ہے۔

نینسی ایٹ ویل کا تعلق امریکہ کی شمال مشرقی ریاست مین سے ہے۔ وہ انگریزی کے لائق امریکی استادوں میں سے ایک ہیں۔

محترمہ نینسی کو تعلیم کے شعبے میں اعلی درس و تدریس اور پڑھنے لکھنےکی خدمات کے اعتراف میں تعلیم کے سب سے بڑے عالمی اعزاز 'واکی فاونڈیشن گلوبل ٹیچر ایوارڈ' سے نوازا گیا ہے، اس کے ساتھ ہی انھیں دنیا کی بہترین استاد کا لقب بھی دیا گیا ہے۔

اس ایوارڈ کے فاتح کا اعلان اتوار کو دبئی میں منعقدہ گلوبل ایجوکیشن اینڈ اسکلز فورم کی افتتاحی تقریب میں کیا گیا اور نینسی ایٹ ویل دنیا کی پہلی استاد بن گئی ہیں جنھوں نے گلوبل ٹیچرکا ایک ملین ڈالر کا انعام جیتا ہے۔

تاہم محترمہ نینسی نے اپنا ایواڈ وصول کرتے ہوئے ایک جذباتی تقریر کے دوران اس وقت سب کو یہ کہہ کرحیران کر دیا کہ وہ انعام کی خطیر رقم اپنے قائم کردہ ٹیچنگ اینڈ لرننگ اسکول کو مرکز عطیہ کر دینا چاہتی ہیں۔

محترمہ نینسی نے اس موقع پر کہا کہ ''مجھے اپنا ایوارڈ وصول کرتے ہوئے فخر محسوس ہو رہا ہے، میرے لیے استاد کی حیثیت سے کام کرنا اور نوجوانوں کی مدد کرنا خدمت کا کام ہے۔"

انھوں نے مزید کہا کہ انعام کی خطیر رقم کو چھوڑ دینا انھیں بے لوث ثابت نہیں کرتا ہے بلکہ یہ عوامی خدمت کے لیے ان کے مصروف عمل ہونےکو ظاہر کرتا ہے۔

محترمہ نینسی نے 1990 میں ریاست مین میں ٹیچنگ اینڈ لرننگ مرکز کی بنیاد رکھی تھی۔ یہ ایک غیر منفعت بخش ادارہ ہے یہاں پڑھنے لکھنے اور تعلیم کو بہتر بنانے کےخیالات کا تجربہ کیا جاتا ہے۔ اس مرکز کی ہر ایک کلاس میں لائبریری قائم ہے یہاں زیر تعلیم اسکول کے طلبہ ہر سال کم از کم 40 کتابوں کا مطالعہ کرتے ہیں۔

بہترین استاد کا اعزاز جیتنے والی نینسی کے اس اسکول میں امریکی معاشرے کی متنوع نسلوں سے تعلق رکھنے والے طالب علم زیر تعلیم ہیں اور اسکول خاص طور پر پسماندہ پس منظر سے تعلق رکھنے والے طالب علموں کی مدد کرتا ہے۔

فاونڈیشن گلوبل ایوارڈ تعلیم کے شعبے سے تعلق رکھنے والے ایسے افراد کے لیے ہےجنھوں نے اپنی غیرمعمولی خدمات کے ساتھ ٹیچنگ کے پیشے میں نمایاں حصہ ڈالا ہے۔

تعلیم کے شعبے کا پہلا عالمی ٹیچنگ ایواڈ جیتنے کی دوڑ میں دنیا بھر سے شامل دس قابل اساتذہ کے ناموں کو فائنلسٹ کے طور پر شامل کیا گیا تھا، جس میں برطانیہ سے سائنس کے استاد ڈاکٹر رچرڈ اسپینسر بھی شامل تھے۔

اس میں امریکی اساتذہ ، بھارت، کینیا، کمبوڈیا، افغانستان، ہیٹی اور ملائیشیا کے بہترین اساتذہ کے ناموں کو ایواڈ کے حقداروں کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG