رسائی کے لنکس

عمرہ زائرین کے لئے ’خواتین گائیڈ فورس‘ کی تشکیل


اس بار زائرین کی خدمت کے لئے 500 خواتین پر مشتمل ایک منفرد ’خواتین گائیڈ فورس‘ بھی خصوصی طور پر تیار کی گئی ہے

سعودی عرب میں ہجری سال 1435 کا عمرہ جاری ہے۔ سعودی وزیر حج امور ڈاکٹر بندر الحجار کے مطابق، اب تک 17 لاکھ افراد کو عمرے کے ویزے جاری ہوچکے ہیں، ان میں سے نو لاکھ تریپن ہزار عازمین اس وقت مکہ اور مدینہ میں عبادات میں مصروف ہیں جبکہ پانچ لاکھ سولہ ہزار افراد عمرے کی ادائیگی کے بعد اپنے اپنے وطن لوٹ چکے ہیں۔

ڈاکٹر بندر الحجار کا کہنا ہے کہ اس سال عمرہ ادائیگی کو مانیٹر کرنے کے لئے کئی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں، جو مکہ اور مدینہ منورہ میں عمرہ زائرئن کی خدمت پر مامور ہیں۔ اس بار زائرین کی خدمت کے لئے 500 خواتین پر مشتمل ایک منفرد ’خواتین گائیڈ فورس‘ بھی خصوصی طور پر تیار کی گئی ہے۔

مسجد الحرام کے نگران ادارے کے ڈائریکٹر، عادل بن عبداللہ الحمدان کا کہنا ہے کہ زائرین کی تعداد چونکہ ہر سال بڑھتی چلی جارہی ہے، لہذا، ان کی خدمات انجام دینے والوں کی بھی اسی طریقے سے تعداد بڑھانا پڑتی ہے۔ اس بار خواتین زائرین کی رہنمائی کے لئے بھی خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں ۔اس حوالے سے خواتین کی ایک خصوصی ’گائیڈ فورس‘ تشکیل دی جارہی ہے۔

عادل بن عبداللہ الحمدان کا کہنا ہے کہ گائیڈ فورس کی خواتین کو پہلے ہی متعلقہ اور مطلوبہ ٹریننگ دی جاچکی ہے۔ گائیڈ فورس کی خواتین عمرہ زائرین کو حج اور عمرے کے طریقوں کی رہنمائی کریں گی، جبکہ یہ شرعی امور اوردرست اسلامی عقائد کے بارے میں بھی عمرے پر آئی ہوئی دنیا بھر کی خواتین کی رہنمائی کریں گی۔

الحمدان کا کہنا تھا کہ بیت اللہ اور مسجد الحرام میں خواتین کی رہنمائی کے لیے بھرتی کی جانے والی نوجوان ’ویمن گائیڈز‘ کو مطلوبہ جدید تربیت دی گئی ہے۔ یہ خواتین انگریزی کی تعلیم کے ساتھ ساتھ جدید کمپیوٹر ٹیکنالوجی سے بھی بخوبی واقف ہیں۔

اس وقت، سعودی عرب میں 48 اور دنیا بھر میں دو ہزار سے زائد عمرہ لائسنس یافتہ کمپنیاں کام کررہی ہیں، جنہیں سعودی وزارت حج نے بہترین انداز میں اپنی ذمے داریاں پوری کرنے اور مقابلتاً سب سے بہتر خدمات ادا کرنے پر ایوارڈ دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔
XS
SM
MD
LG