حج کے رُکنِ اعظم وقوفِ عرفہ کی ادائیگی کے لیے لاکھوں عازمین میدانِ عرفات میں جمع ہیں۔ جہاں مسجدِ نمرہ میں سعودی علماء کونسل کے رکن شیخ ڈاکٹر یوسف بن محمد نے خطبۂ حج دیا۔ حجاج غروبِ آفتاب تک وقوفِ عرفہ کریں گے جس کے بعد مزدلفہ روانہ ہو جائیں گے جہاں مغرب اور عشا کی نماز ایک ساتھ ادا کی جائے گی۔ خطبۂ حج سے قبل میدانِ عرفات اور جبلِ رحمت کی فضا 'لبیک اللّٰھم لبیک' کی تکبیرات سے گونجتی رہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق میدانِ عرفات میں درجۂ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔